مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ ضلع کے باراسات کے چاپاڈالی علاقے میں مقامی باشندوں نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی من مانی کے خلاف جم کر احتجاج کیا۔
احتجاج کرنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ 'علاقے میں ٹریفک پولیس من مانی کر رہی ہے، اس سے عام لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ چاپا ڈالی موڑ باراسات کی سب سے مصروف سڑکوں میں سے ایک ہے۔ یہاں تعینات ٹریفک پولیس اہلکار کی من مانی حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ 'موٹر سائیکل چلانے والے لوگ ہلمیٹ پہنے رہتے ہیں اس کے باوجود ان کا چلان کاٹا جاتا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'موٹرسائیکل چلانے والوں کے پاس ہلمیٹ اور تمام ضروری کاغذات ہونے کے باوجود انہیں پریشان کیا جاتا ہے۔'
مظاہرین کا کہنا ہے کہ 'ٹریفک پولیس اہلکاروں کے خلاف پہلے بھی کئی بار شکایت درج کرائی گئی ہے اس کے باوجود ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ گزشتہ روز ایک موٹرسائیکل سوار کے پاس ہیلمیٹ اور تمام ضروری کاغذات ہونے کے باوجود انہیں نہ صرف پکڑا گیا بلکہ ان کی پٹائی بھی کی گئی۔
سڑک کی ناکہ بندی کی اطلاع پاکر باراسات تھانے کے آفیسر انچارج دیپانگر بھٹاچاریہ جائے وقوع پر پہنچے تو انہیں بھی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔
چاپاڈالی کے او سی ٹریفک اسیش بھٹاچاریہ کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی کوئی جانکاری نہیں ہے لیکن شکایت موصول ہوتے ہی قصوروار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
دوسری طرف باراسات تھانے کے آئی سی دیپانگر بھٹاچاریہ کا کہنا ہے کہ پورے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے لیکن اب تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 'ٹریفک پولیس کے خلاف شکایت موصول ہوتے ہی کارروائی شروع کی جائے گی۔'