مغربی بنگال حکومت پر سست رفتاری سے کام کرنے کا الزام عاید کرتے ہوئے گورنر جگدیپ دھنکر نے کہا کہ ترنمول کانگریس حکومت زیر التوا بلوں سے متعلق ان کے سوالوں کا جواب نہیں دے رہی ہے۔
گورنر کے اس بیان کے بعد ایک بار پھر ریاستی حکومت اور گورنر کے درمیان جنگ تیز ہوگئی ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ وہ آئین کے دائرے میں رہ کر کام کررہے ہیں اور ان پر بل کو موخر کرنے کا الزام کرنا مناسب نہیں ہے۔
جگدیپ دھنکر نے کہا کہ میں آئین کے دائرے میں رہ کر کام کرتا ہوں،اگر حکومت تاخیر سے کام کرتی ہے تو اس میں میرا کوئی قصور نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے کئی اعتراض کیا تھا مگر ہمیں کوئی جواب نہیں دیا گیا اس لیے مجھ پر تاخیر کرنے کاالزام درست نہیں ہے۔
گورنر پر بل کو دبائے رکھنے کاالزام عاید کرتے ہوئے ممبران اسمبلی نے آج اسمبلی میں گورنرکے خلاف احتجاج کیا۔
ترنمول کانگریس کے ممبران نے گورنر کو برطرف کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جان بوجھ کر بلوں کو دبارہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے اسپیکر نے دو دنوں کیلئے اسمبلی سیشن کو موخر کردیا تھا اور کہا تھا کہ گورنرکے پاس سے بل نہیں آرہے ہیں۔
جولائی میں عہد ہ سنبھالنے کے بعد سے ہی گورنر اور بنگال حکومت کے درمیان رسہ کشی کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری طرف پارلیمنٹ میں ترنمول کانگریس کے ارکان پاررلیمان نے گورنرجگدیپ دھنکر کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر سے ان کی برطرفی کامطالبہ کیا۔