مغربی بنگال ریاستی اسمبلی میں یوم دستور کے موقع پر خطاب کرتے ہوئےوزیراعلی ممتا بنرجی نے ریاست کے گورنر کے ساتھ جاری چشمک کو ایک بار واضح کرتے ہوئے کہاکہ ہم مذہب کے نام پر سیاست نہیں کرتے ہیں ۔ جگدیپ دھنکر کی نکتہ چینی کرتے ہوئے ان کی شخصیت پر طنز کیا۔
ہندی گانے کے بول "تو چیز بڑی ہے مست"کا استعمال کیا۔ لیکن ریاستی اسمبلی کے اسپیکر نے ممتا بنرجی کے اس تبصرے کو ریکارڈ سے تلف کر دیا ۔ ممتا بنرجی نے گورنر پر مزید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا گورنر صرف وزیر سے ملاقات ہونے پر باتیں کرتے ہیں ۔
ہیلی کاپٹر ہو یا طبلہ گورنر ہر چیز پر سیاست کر رہے ہیں ۔ ریاستی حکومت اور گورنر کے تعلقات میں تلخیاں اپنے عروج پر ہے۔ وزیراعلی ممتا بنرجی نے آج اسمبلی میں ایک بار پھر کشمیر کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرکی وجہ سے فاروق عبداللہ کو گزشتہ تین ماہ سے حراست میں رکھا گیا ہے صرف ایک انسان کے روح کی تسکین کے لئے یہ سب کیا جا رہا ہے۔
آئین نے ہمیں سوال کرنے کی آزادی دی ہے لیکن آج کسی کو کچھ بولنے کی اجازت نہیں ہے۔ بولنے پر پابندی دستور پر سب سے بڑا حملہ ہے ۔ گورنر کے خطاب کے سلسلے میں وزیراعلی نے کہا کہ ریاست کے گورنر کشمیر پر زیادہ باتیں کر رہے ہیں۔
بنگال کو بھول گئے ہیں۔ انہوں نے راج بھون میں یوم دستور کے موقع پر مدعو کئے جانے کے سلسلے میں کہا کہ میں نے تین خطوط دے کر اپنی رائے کا اظہار کر دیا ہے ۔ کیا وہ سچ میں ایسا چاہتے ہیں کہ میں راج بھون جاؤں ۔
اس کے علاوہ انہوں نے ہیلی کاپٹر تنازعہ پر کہا کہ ہمارے پاس ذاتی ہیلی کاپٹر نہیں ہے بہت ضروری موقع پر ہم ہیلی کاپٹر کا استعمال کرتے ہیں۔
: