مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ عوام کی توجہ دہلی تشدد سے ہٹانے کیلئے کورونا وائرس کا خوف عوام میں پیدا کیاجارہا ہے تاکہ دہلی تشدد پر مرکزی حکومت سے جواب طلبی کا موِوع کہیں دب جائے اور میڈیا کی بحث سے خارج ہوجائے۔
!['میڈیا کا ایک حلقہ خوف کا ماحول پیدا کررہا ہے'](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/6292766_mb.jpg)
جنوبی دیناج پور کے بنیاد پور میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے خوف و ہراس کا ماحول پیدا کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی حرج نہیں ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ مگر یہ بھی مناسب نہیں ہے کہ کورونا وائرس کو لے کر عوام میں خوف کا ماحول پید کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ دہلی میں 45افراد کی موت کورونا وائرس اور ڈینگو کی وجہ سے نہیں ہوئی ہے بلکہ حکومت کی نااہلی اور نفرت کی آبیاری کی وجہ سے ہوئی ہے۔ اس پر جواب دہی طے ہونی چاہیے۔ آخر کن کے اشاروں پر دہلی میں اتنے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی گئی۔ کچھ چینل کوشش کررہے ہیں کہ عوام دہلی تشدد کو فراموش کردیں۔
!['میڈیا کا ایک حلقہ خوف کا ماحول پیدا کررہا ہے'](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/6292766_covid.jpg)
ممتا بنرجی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک بھی شخص کی موت نہ ہو، ہم نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔
مگر ہمیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ دہلی میں جن لوگوں کی موت ہوئی ہے وہ کورونا وائرس اور ڈینگو کی وجہ سے نہیں ہوئی ہے بلکہ دہلی میں ہونے والی اموت کی جووجوہات وہ بھی انتہائی خطرناک ہیں اور اس سے اگر نہیں نمٹا گیا تو یہ وائرس ملک بھر میں پھیل جائے گا۔