پانچ اپریل کو رات نوبجے موم بتی اور چراغ روشن کرنے کے وزیر اعظم کی اپیل پر براہ راست کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہاکہ اس وقت سیاست کرنے کا نہیں ہے بلکہ کورونا وائرس کے خلاف مل جل کر مقابلہ کرنے کا ہے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ کوئی چاہے تو وزیرا عظم کی اپیل پر موم بتی روشن کرے او ر کسی کو پسند نہیں ہے تو وہ سوجائے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کے خلاف جد وجہد اور اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر کے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہاہے کہ 5اپریل کو رات نو بجے 9منٹ تک اپنے گھر کی لائٹ بند کرکے موم بتیاں اور چراغ روشن کریں۔
وزیرا عظم کی اس اپیل پر کانگریس نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی علامات پر زور دے رہے ہیں جب کہ اس وقت ملک کو دوا، ڈاکٹر،نرس کی حفاظتی اشیا کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہزاروں افراد بھوکے ہیں اور انہیں امید تھی کہ وزیر اعظم مودی کوئی پیکج دیں گے مگر ایسا کچھ نہیں کیا گیا۔ حالات خراب ہیں ۔اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ کون کیا کہتا ہے یہ ضروری نہیں ہے۔
تاہم آج پریس کانفرنس میں ممتا بنرجی سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ نے وزیر اعظم کی اپیل سنی ہے اور اس پر عمل کریں گی؟
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں اس پر کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتی ہوں،کیوں کہ یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں ہے۔میں اس وقت کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کرنے میں مصروف ہوں اور آپ لوگوں کو سیاست پر لفظی جنگ کی فکر ہے۔
اس وقت سیاست میں نہ الجھائیں۔اگر آپ کو لگتا ہے کہ وزیر اعظم نے صحیح بولا ہے تو آپ ان کی بات سنیں اور مجھ سے اس پر کوئی تبصرہ نہ مانگیں۔