مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہاکہ صورت حال اب بھی سنگین ہے مگر کاروبارزندگی بھی چلنی ضروری ہے اس لئے مشروط شادی کی تقریبات کے انعقاد کی اجازت ہے۔25افراد جمع ہوسکتے ہیں اور شادی کی تقریبات کی صفائی اورسنیٹائزکرنا لازمی ہوگا اور ہر ایک شرکاء کیلئے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔
وزیر اعلی ممتا بنرجی نے مزید کہا کہ 10 جون تک ملک کی دیگر ریاستوں سے اور بھی بہت سی ٹرینیں آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کی دیگر ریاستوں سے مجموعی طور پر 11 لاکھ سے زاید افراد یہاں آرہے ہیں ایسے میں احتیاط کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔گذشتہ ہفتے مرکزی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن 30 جون تک جاری رہے گا۔
تاہم لاک ڈاؤن ہر چیز بند نہیں ہوگی۔ مرحلہ وار لاک ڈاؤن ختم کیا جائے گا۔ سرکاری و پرائیوٹ دفاتر کے ساتھ ریستوران، شاپنگ مالز اور عبادت گاہوں کو کچھ شرطوں کے ساتھ کھولنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔
بنگال میں بھی عبادت خانوں کے ساتھ شاپنگ مال اور ریستوراں بھی مشروط طور پر کھل گئے ہیں۔مرکزی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ کنٹینمنٹ زون میں ہنگامی خدمات کے سوا کچھ نہیں کھلے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکزی وزارت صحت کے مطابق، پیر کی سہ پہر تک بنگال میں کورونا کیسوں کی تعداد بڑھ کر6710ہوگئی ہے۔بنگال میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 398 ہوگئی۔وزیرا علیٰ نے اعلان کیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ 15 افراد شادیوں، ضیافتوں یا دیگر سماجی کاموں میں شرکت کرسکیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے شہریوں سے احتیاط برتنے اور سفرکے دوران معاشرتی فاصلے کو برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ چوں کہ ایک ہفتے سے ٹرانسپورٹ کھل گئے ہیں اس کی وجہ سے کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔