مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے مرکز پر فون ٹیپنگ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے وزیراعظم سے اس کیس میں مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'مرکزی حکومت اسرائیلی مشنری کا استعمال کرکے سیاسی رہنماوں کے فون ٹیپ کررہی ہے۔'
محترمہ ممتا بنرجی نے کہا کہ 'میرا فون ٹیپ کیا گیا ہے۔ میرے پاس اس کا ٹھوس ثبوت ہے۔ میں کسی کے بھی سامنے یہ ثبوت پیش کرسکتی ہوں۔'
گزشتہ دنوں اسرائیلی کمپنی این ایس او کے ذریعہ بھارت میں وہاٹس ایپ استعمال کرنے والوں کی خفیہ جانکاری نکالنے کا واقعہ منظرعام پر آنے کے بعد ممتابنرجی نے اپنا ردعمل ظاہر کیا۔
انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت سیاسی رہنماوں کے علاوہ صحافیوں ،وکلاء،سماجی کارکنان کے فون ٹیپنگ کرکے تمام معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ کے مطابق حکومت پر اسرایئلی کمپنی کی مدد سے اہم شخصیات کی تمام معلومات حاصل کرکے پرائیوسی پالیسی کی خلاف ورزی کررہی ہے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ مرکزی حکومت کے علاوہ ایک دوریاست بھی اس کیس میں ملوث ہے ۔
سپریم کورٹ جانے کے سوال پر مغر بی بنگال کی وزیر اعلیٰ نے کہاکہ فی الحال کچھ کہا نہیں جا سکتا ہے ۔تمام متعلقہ اداروں سے مایوس ہونے کے بعد سپریم کورٹ جاناہی واحد راستہ بچ جا ئے گا ۔