مغربی بنگال میں کچھ عرصہ سے فرضی آئی اے ایس، آئی پی ایس، سی بی آئی اور ویجلینس افسران کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔ شمالی 24 پرگنہ کے بدھان نگر سے پولیس نے فرضی این آئی اے اہلکار کو گرفتار کر لیا۔ بدھان نگر کے رہنے والا دیباسیش خود کو این آئی اے کا اہلکار ظاہر کر رہا تھا۔
ندیا ضلع کے کرشنا نگر میں پولیس نے فرضی آئی اے ایس افسر کو لوگوں کو ٹھگنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ جس کی شناخت اچنتا چودھری کے طور پر کی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ اچنتا چودھری خود کو آئی اے ایس افسر ظاہر کرکے ضلع کے تاجروں اور دیگر کاروباریوں کو ڈرا دھمکاکر وصولی کررہا تھا۔ چند افراد کی جانب سے شکایت وصول ہونے کے بعد پولیس نے اچنتا چودھری کو گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں:
مرشد آباد: سڑک حادثہ میں چار ہلاک، متعدد زخمی
واضح رہے کہ مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ کے قصبہ تھانہ پولیس نے فرضی آئی اے ایس افسر دیبانجن کو جعلی کورونا ویکسین فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔ وہیں مرکزی کولکاتا کے بینا پوکھر تھانے کی پولیس نے چیکنگ کے دوران آصف نامی شخص جو فرضی ویجیلنس افسر ظاہر کرکے لوگوں کو ٹھگ رہا تھا کو گرفتار کرلیا۔ اس کے علاوہ شمالی 24 پرگنہ کے نیو بیرکپور تھانہ علاقہ میں پولیس نے فرضی ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس افسر کو ایک کاروباری سے 14 لاکھ روپئے ٹھگنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔