ممتا بنرجی نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس جیسی مہلک بیماری کے دوران مرکز کی جانب سے کسی طرح کی کوئی مدد نہیں ملی جبکہ مرکزی حکومت نے مغربی بنگال کے ریاستی فنڈ کو بھی روک کر رکھا ہے۔
وزیر اعلی ممتا بنرجی نوبنو میں انتظامیہ کی ایک میٹنگ کے دوران مرکزی حکومت پر برس پڑیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر ریاست کے ساتھ بے اعتنائی برتنے کا الزام لگایا۔
ممتا نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے ریاست لگاتار متعدد مصائب سے دو چار ہے لیکن مرکزی حکومت کی طرف سے ہمیں کوئی مدد نہیں مل رہی ہے وہیں دوسری جانب ریاست کے فنڈ کو بلا وجہ روک کر رکھا گیا ہے۔
ممتا نے کہا کہ ہمارے روپے ہمیں نہیں دیئے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے ریاستی حکومت کو نظم و نسق میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وزیر اعلی ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مارچ ماہ سے کورونا وائرس کی مار جھیل رہے رہے ہیں اس وقت سے ہمارا کافی نقصان ہو چکا ہے اوردہلی حکومت کی جانب سے جتنا فنڈ ملنا چاہئے وہ نہیں مل رہا ہے۔
اس میٹنگ میں ممتا بنرجی نے مزید کہا کہ '12 لاکھ کسانوں کو کریڈٹ کارڈ سے جوڑا گیا ہے۔ کاشت کی زمینوں پر برسات کا پانی بھرا پڑا ہے جس کی وجہ سے فصل تباہ ہو سکتی ہے۔ سو دن روزگار کے تحت جمع پانی کو صاف کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں کورونا کا پہلا معاملہ 23 مارچ کو سامنے آیا تھا۔ کورونا کی وجہ سے کافی خرچ بڑھا ہے۔ مغربی بنگال کے مغرب بردوان میں کورونا کے معاملات بھی اضافہ ہوا ہے جس پر انہوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔پڑوسی ریاستوں سے آنے والوں پر نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے جبکہ متعدد ریاستوں سے آنے والے مریضوں کا بھی علاج کیا جا رہا ہے۔