گذشتہ 22 مئی کو تمنوس گھوش کی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔اس وقت سے ہی انہیں سانس لینے میں شدید تکلیف ہو رہی تھی۔گزشتہ ایک ماہ سے وہ زیرعلاج تھے۔
بدھ کے روز ان کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد ان کے جسم کے زیادہ اعضاء نے کام کرنا بند کر دیا تھا۔ جس کے بعد ان کی موت ہو گئی۔ان کی عمر 60 سال تھی۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے اپنے رکن اسمبلی کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ یہ نہایت ہی تکلیف دہ خبر ہے۔ سنہ 1999 سے تین بار وہ فالتا سے رکن اسمبلی اور ہماری پارٹی کے اہم عہدے پر فائز تھے اور آج وہ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔گزشتہ 35 برسوں تک انہوں نے عوام اور پارٹی کی خدمت کی ہے۔انہوں نے بہت سے فلاحی کام کئے ہیں۔لوگوں کو وہ اپنے کام کے لئے یاد رہیں گے۔
تمنوس گھوش کی دو بیٹیاں بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئیں تھی۔لیکن وہ صحت یاب ہو گئیں تھی۔تمنوس گھوش جنوبی بنگال ریاستی ٹرانسپورٹ نگم کے چئیرمین بھی تھے۔
ترنمول کانگریس کے دو رکن اسمبلی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔ریاستی وزیر برائے دمکل سجیت بوس بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔ان کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔سجیت بوس کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔لیکن تمنوس گھوش کورونا سے زندگی کی جنگ ہار گئے۔ترنمول کے متعدد رہنماؤں نے ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔