مغربی بنگال کے تین اسمبلی حلقہ بھوانی پور، جنگی پور اور شمشیرگنج میں ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں نے اپنی اپنی جیت کے دعویٰ کررہے ہیں۔
اس سلسلے میں رکن پارلیمان موسم بینظیر نور نے کہا کہ 'اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ترنمول کانگریس کو تینوں اسمبلی سیٹوں پر شاندار جیت مل رہی ہے، کیونکہ عوام نے ممتابنرجی کی جماعت کو بھر پور حمایت کی ہے'۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد سے اب تک ترنمول کانگریس کو تمام انتخابات میں جیت حاصل ہوئی ہے اور اس مرتبہ بھی ترنمول کانگریس کی جیت تقریباً طے ہے۔
رکن پارلیمان کا کہنا ہے کہ کولکاتا کے بھوانی پور اسمبلی حلقے میں ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کو تاریخی جیت ملنے والی ہے۔ وزیراعلیٰ ممتابنرجی ریکارڈ جیت حاصل کریں گی۔
ترنمول کانگریس کی رہنما کے مطابق مرشدآباد ضلع کے شمشیرگنج سے امرالاسلام اور جنگی پور سے ذاکر حسین کی جیت یقینی ہے، اپوزیشن پارٹیوں کا صفایا ہونے والا ہے۔
مزید پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد سے ہی واضح ہوگیا تھا کہ مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کے علاوہ دوسری سیاسی جماعتوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مغربی بنگال کے تینوں اسمبلی حلقہ کولکاتا کے بھوانی پور، مرشدآباد کے شمشیر گنج اور جنگی پور میں ضمنی انتخابات کے لئے گزشتہ روز ووٹنگ ہوئی ہے۔ تین اکتوبر کو اس کے نتائج سامنے آئیں گے۔