بنگلہ اداکار ہ اور ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان شتابدی رائے نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو خط لکھ کر شاردا گروپ کے برانڈ ایمبسڈر کی حیثیت سے لیے گئے روپوں کو واپس کرنے کی پیش کش کی ہے۔تاہم اب تک اس معاملے میں ای ڈی کا کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔
حال ہی میں ای ڈی نے شتابدی رائے کو سمن جاری کیا تھا اب انہوں نے روپے واپس کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ای ڈی نے سمن جاری کرکے یہ جاننے کی کوشش کی تھی کہ برانڈ ایمبسڈر کی حیثیت سے انہوں نے کتنے روپے شاردا گروپ سے لیے ہیں۔
تاہم وہ پارلیمانی سیشن کی وجہ سے جانچ ایجنسی کے سامنے پیش نہیں ہوئیں۔ای ڈی کو لکھے گئے خط کے مطابق شتابدی رائے نے دو ملین روپے واپس کرنے کی پیش کش کی ہے۔ای ڈی کے ذرائع کے مطابق اس معاملے میں شتابدی رائے کو متعدد مرتبہ سمن جاری کیا گیا تھا۔
اس سے قبل بالی ووڈ کے مشہور اداکار متھن چکرورتی نے بھی شاردا کے برانڈ ایمبسڈر کے طور پر لیے گئے روپے کو ای ڈی کو لوٹایا ہے۔انہوں نے 5کروڑروپے واپس کیے تھے۔متھن چکرورتی اس وقت ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا رکن تھے مگر بعد میں وہ مستعفی ہوگئے تھے۔چکرورتی روپے واپس کرکے اس معاملے سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔
شتابدی رائے کی اس پیشکش پر اب تک انفورسمنٹ دائر یکٹوریٹ کی جانب سے اس سلسلے میں اب تک کوئی بیان منظرعان پر نہیں آیا۔