مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 کے چوتھے مرحلے سے قبل شمالی 24 پرگنہ میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہے۔ بیرکپور صنعتی خطہ کے نوا پاڑہ اسمبلی حلقے میں ترنمول کانگریس کی رہنما منجو باسو، متحدہ اتحاد کے امیدوار شوبھنکر سرکار، موجودہ رکن اسمبلی اور بی جے پی کے امیدوار سنیل سنگھ کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں ووٹرز کی توجہ اپنی اپنی طرف راغب کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔ نوا پاڑہ اسمبلی حلقے سے ترنمول کانگریس کی امیدوار منجو باسو کی حمایت میں عوامی جلسے کو خطاب کرتے رکن پارلیمان دیو نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے اعلیٰ رہنما بنگال آتے ہیں اور اشتعال انگیز بیان بازی کر کے چلے جاتے ہیں۔ انہیں سبق سکھانے کا وقت آ گیا ہے۔
ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان اور ادا کار دیب کا کہنا ہے کہ بنگال میں رہنے والے مقامی باشندے مذہب اور نفرت کی سیاست نہیں کرتے ہیں۔
اداکار دیپک ادھیکاری (دیب) کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے رہنما ہی بنگال میں ہندو مسلم کے نام پر سیاست کرتے ہیں کیونکہ ترقیاتی کاموں کے علاوہ ان کے پاس سب کچھ کے لئے وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندو اور مسلمان کے درمیان نفرت پیدا کرنا ہی بیرونی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں کا اہم مقصد ہے لیکن انہیں بنگال کی سرزمین پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ بنگال میں مسلمان چین سکون کی زندگی گزارتے ہیں۔ خواتین آدھی رات کو بھی خود کو سو فیصد محفوظ سمجھتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آسام: اے آئی یو ڈی ایف کے امیدوار جے پور منتقل
ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان دیپک ادھیکاری(دیب) نے کہا کہ بی جے پی کے رہنماؤں کو بہار، اترپردیش اور مدھیہ پردیش کی فکر کرنے کی ضرورت ہے، جہاں اقلیتی طبقے اور خواتین کے ساتھ کیا ہوتا ہے وہ پورے ملک کو پتہ ہے۔