بارہ بنکی کے رفیع نگر میں مولانا غلام عسکری ہال میں یاد شہدا اور برسی کی مجلس کا انعقاد کیا گیا۔ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید مشاہد عالم رضوی نے کہا کہ اچھے مقصد کے لیے حق کو سمجھتے ہوئے اپنی زندگی کو خرچ کر دینا ہی جہاد ہے۔
مولانا نے کہا کہ اگر کوئی کسی کو نقصان پہنچا رہا ہے تو اس کا رشتہ اسلام اور ایمان سے نہیں ہو سکتا۔ سچا مسلم زبان سے بھی کسی کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ مولانا نے کہا کہ کامیابی حاصل کرنی ہے تو نفس سے جہاد کرو۔
اس موقع پر مولانا جابر جیراسی نے صدارتی تقریر کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اندر ظلم و تشدد کو جگہ نہ دیں۔ ظلم کا ایک روز خاتمہ ہوگا اور حق سر بلند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے گھر دیر ہے اندھیر نہیں۔
مجلس میں شریک مولانا سراج احمد نے کہا کہ اللہ سے محبت کرنے والے اس کے رسول کی اتبع کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص اسلام کے راستے میں خود کو قربان کرتا ہے اس کے رزق کی ذمہ داری اللہ لے لیتا ہے۔ مجلس کے آخر میں سیدہ فاطمہ ظہرہ علیہا السلام کے مصائب پر روشنی ڈالی گئی۔