مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے گیارولیا ٹاؤن میں واقع سوا سو سال قدیم گیارولیا مل ہائی سیکنڈری اسکول کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ ریاست میں گیارولیا مل ہائی سیکنڈری اسکول میں ایک ہی چھت کے نیچے ارود، ہندی اور بنگلہ تینوں زبانوں کے طلباء کو تعلیم دی جاتی ہے۔
گیارولیا مل ہائی سیکنڈری اسکول کے ٹیچرز انچارج ( ہیڈ ماسٹر ) سدانند شاؤ نے ریاست کے تمام اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کو دوبارہ بحال کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے لئے وزیراعلیٰ ممتا بنرجی اور وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے اس سلسلے میں ٹھوس فیصلہ لیا ہے۔ نیوز چینلز اور اخبارات میں آئندہ 12 فروری سے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کی خبریں سنی اور پڑھی ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکولر جاری نہیں کیا گیا ہے لیکن اتنا طے ہے کہ تقریباً ایک سال کے بعد اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں جلد بحال ہونے والی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی نے آئندہ 12 فروری سے تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کورونا وائرس کے سبب گزشتہ سال مارچ سے مغربی بنگال کے تمام تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں۔