بی جے پی میں شامل ہوتے ہی سوبھن چٹرجی نے ترنمول کانگریس کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ آج بی جے پی کے ریاستی دفتر میں سوبھن چٹرجی اور بیشاکھی بنرجی کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر سوبھن چٹرجی نے اپنی سابقہ پارٹی ترنمول کانگریس پر سخت تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس میں حالات ناسازگار ہو گئے تھے اور میں شدید تکلیف میں تھا۔'
انہوں نے مزید کہا کہ ترنمول کانگریس چھوڑنے پر مجھے مجبور ہونا پڑا ۔ اسی لیے 8 ماہ تک میں کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لیا۔
انہوں نے ریاستی بی جے پی صدر دلیپ گھوش کی جم کر تعریف کی اور کہا کہ چند ماہ قبل دلیپ گھوش سے بات ہوئی تھی۔ انہوں نے بی جے پی میں شامل ہونے کو کہا تھا۔ ان سے بات کرکے بہت اچھا لگا تھا۔
واضح رہے کہ سوبھن چٹرجی ممتا بنرجی کے ساتھ 1985 سے سیاست میں سرگرم رہے اور ترنمول کانگریس کے بڑے رہنماؤں میں ان کا شمار ہوتا تھا۔