مغربی بنگال محکمہ صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 435 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔
مغربی بنگال میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ریاست میں گذشتہ جمعہ کو 427 افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے تھے۔ لیکن وہیں سنیچر کے روز نمونوں کی جانچ کے بعد محکمہ صحت کے مطابق 435 نئے افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ اس سے قبل ایک دن میں اتنے کیسز سامنے نہیں آئے تھے۔
صرف کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں ہی اضافہ نہیں ہوا ہے بلکہ کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ جو اب تک کا سب سے زیادہ ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے میں ریاست میں کووڈ 19 سے مرنے والوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔ اس سے قبل ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 11 افراد کی موت ہوئی تھی۔
آئندہ دنوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوگا محکمہ صحت کی جانب سے پہلے ہی اس طرح کے امکان کا اظہار کیا جا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں گزشتہ روز محکمہ صحت کے دفتر میں ایک اہم میٹنگ ہوئی ہے۔
کولکاتا شہر میں سب سے زیادہ معاملے سامنے آ رہے ہیں اسی لیے کلکتہ میڈیکل کالج ہسپتال کے بعد اب ساگر دت ہسپتال کو بھی کووڈ ہسپتال میں بدل دیا گیا ہے۔ جہاں پانچ سو بیڈ کا انتظام ہے۔ جبکہ مختلف اضلاع میں بھی کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے ضروری ڈھانچہ تیار کرنے کے لیے ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت کو تجویز دی ہے۔
کولکاتا میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کووڈ 19 مرنے والے 17 افراد میں کولکاتا کے 9، شمالی 24 پرگنہ کے 4 اور جنوبی 24 پرگنہ، ہگلی، ہاوڑہ، مشرقی مدنا پور اور ندیا میں ایک افراد کی موت ہوئی ہے۔