ریاست مغربی بنگال کے کولکاتہ میں واقع عالیہ یونیورسٹی کے پروفیسر مہدی کلام کو انٹرنیشنل اسٹرانومیکل یونین کی رکنیت کا اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ یہ اعزاز حاصل کرنے والے مہدی کلام بنگال کے پہلے مسلم پروفیسر ہیں۔ اس سے قبل بنگال کے کسی مسلم کو یہ شرف حاصل نہیں ہوا تھا۔ مہدی کلام کو علم فلکیات میں ان کی انفرادی کارکردگی کے لئے یہ اعزا دیا گیا ہے۔
![مغربی بنگال: پروفیسر مہدی کلام بنے انٹرنیشنل اسٹرانومیکل یونین کے رکن](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/wb-kol-02-mehdikalamhonouredwithmembershipofinternationalastronomicalunion-rtu-7204837_14072020201104_1407f_03050_1064.jpg)
عالمی سطح پر اس میدان میں کام کرنے والے افراد کو یہ ادارہ رکنیت فراہم کرتی ہے۔ وہیں پی ایچ ڈی سطح پر بھی فلکیات کے میدان میں ریسرچ کرنے والے افراد کو یہ ادارہ اپنی رکنیت فراہم کرتی ہے ۔
واضح رہے کہ یہ ادارہ 1919 میں قائم کیا گیا تھا اس کا صدر دفتر فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع ہے۔ عالیہ یونیورسٹی کے پروفیسر مہدی کلام بنگال کے پہلے مسلم ہیں جن کو انٹرنیشنل اسٹرانومیکل یونین کی رکنیت کا شرف حاصل ہوا ہے۔ وہ عالیہ یونیورسٹی کے شعبۂ سائنس و ٹکنالوجی میں درس و تدریس سے منسلک ہیں ۔ان کو جی اسٹار اور اسٹیلر فزکس ڈویژن میں رکنیت دی گئی ہے۔
اس موقع پر مہدی کلام نے ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”ان کو خوشی ہے کہ انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بلیک ہول اور نیوٹرون اسٹار کے میدان میں بنیادی طور پر کام کر رہے ہیں ۔ ان کے 70 ریسرچ آرٹیکل دنیا کے معروف ترین سائنس جرنلس میں شائع ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انٹرنیشنل اسٹرانومیکل یونین کا کام عام لوگوں میں فلکیات کو عام کرنا ہے۔ اس تنظیم سے بڑے بڑے سائنسدان منسلک رہے ہیں۔ یہ ادارہ فلکیات کے میدان میں ہونے والے کام کی جانچ کرتی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں اس کامیابی پر عالیہ یونیورسٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے ریسرچ ورک کے لئے کسی بھی چیز کی ضرورت پڑی تو یونیورسٹی کا میرے ساتھ پورا تعاون رہا۔