مغربی بنگال کے مالدہ ضلع کے ہریش چندر پور تھانے علاقے میں مقامی باشندوں نے پولیس کے سامنے ہی سیلاب راحت پیکج بدعنوانی معاملے میں ترنمول کانگریس کے رہنما کی پٹائی کردی۔ مالدہ ضلع کے ہریش چندر پور کے بروئی پور پنچایت کے رکن اور ترنمول کانگریس کے رہنما کنال کانتی گھوش پر سیلاب راحت پیکج میں لاکھوں روپے غبن کرنے کا الزام ہے۔
مقامی باشندوں نے پنچایت رکن کو پکڑ کر زبردست پٹائی کردی ہے۔ پولیس جب حالات پر قابو پانے کے لیے جائے وقوع پر پہنچی تو پولیس اہلکاروں پر بھی پتھراؤ کیا گیا۔
پولیس نے بڑی مشقت کے بعد حالات کو قابو میں کیا اور پنچایت رکن کو ہجومی تشدد سے نجات دلانے میں کامیابی حاصل کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پورے معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے، یہ معاملہ سنہ 2017 کا ہے جب سیلاب کے سبب سینکڑوں مکانات تباہ و برباد ہوگئے تھے۔ سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے راحت پیکج کا اعلان کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق کانگریس کے رہنما اور رکن اسمبلی مشتاق عالم نے راحت پیکج بدعنوانی معاملے پر کلکتہ ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔
کلکتہ ہائی کورٹ نے اس معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کا حکم دیا تھا۔ اس کے بعد چند لوگوں کی گرفتاری عمل میں آئی تھی، معاملے کی تفتیش اب بھی جاری ہے۔
- مزید پڑھیں: عالیہ یونیورسٹی کا فنڈ روکا نہیں گیا ہے بلکہ فنڈ واپس کیا گیا ہے: غلام ربانی
- بھارت میں رامپور بدعنوانی کا سب سے بڑا مرکز ہے: راکیش ٹکیت
- رافیل بدعنوانی کی جے پی سی جانچ کرائی جائے: کانگریس
بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 95 لاکھ روپے کے بدعنوانی کا معاملہ ہے۔ دوسری طرف ترنمول کانگریس کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کانگریس، سی پی آئی ایم اور بی جے پی سازش کے تحت پنچایت سمیتی کو بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے۔