مغربی بنگال میں گزشتہ چند مہینوں کے دوران جرائم کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ کے بعد لاء اینڈ آرڈر پر سوال اٹھنے لگا ہے۔ پولیس انتظامیہ کی تمام کوششوں کے باوجود جرائم کی وارداتوں پر قابو پایا نہیں جا سکا ہے۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں دیسی بموں کے پھٹنے سے اب تک متعدد افراد ہلاک ہو چکے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ اسی درمیان مشرقی بردوان ضلع کے کٹوا تھانہ علاقے میں پولیس نے ایک ایسے گروہ کا پردہ فاش کیا ہے، جو گاہکوں کی ضرورت کے مطابق آن لائن بموں اور دھماکہ خیز مواد کا ہوم ڈلیوری کے کاروبار سے منسلک تھا۔
پولیس نے آن لائن بموں کے کاروبار کرنے والے گروہ سے جڑے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے اور دیگر لوگوں کی تلاش جاری ہے۔ گرفتار شخص کی شناخت شکیب الشیخ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کٹوا اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بموں اور دھماکہ خیز مواد کے کاروبار کی اطلاع موصول ہوتی رہی لیکن تمام کوششوں کے باوجود کہیں سے کوئی سراغ نہیں مل پا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس کام کے لئے بڑے پیمانے پر مخبروں کی خدمات حاصل کی گئی تھی اس کے باوجود کامیابی کوسوں دور نظر آ رہی تھی۔ اسی درمیان ایک شخص کو کسی کے مکان میں ہوم ڈلیوری کرتے ہوئے دیکھا گیا. ہوم ڈلیوری کرنے والے شخص سے کسی کا پتہ پوچھا گیا۔ وہ شخص ہوم ڈلیوری کے پیکٹ کو وہاں ہی رکھ کر فرار ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں:
Police Officer's Body Found: ڈائمنڈ ہاربر تھانے کے اے ایس آئی کی لاش برآمد
پولیس نے اس کے بعد تفتیش شروع کی۔ پیکٹ کھول کر دیکھا گیا تو اس میں بم ملا. پیکیٹ رکھ کر فرار ہونے والے شخص کو ناکہ چیکنگ کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔ پوچھ گچھ کے دوران سنسنی خیز انکشافات ہوئے۔ آن لائن کاروبار کے تحت 250 سے 380 روپے کے درمیان دیسی بم، کاٹا بم، ہاتھ بم وغیرہ ملنے کی تصدیق ہوئی ہے۔
دوسری طرف سابق پولیس افسران کے ردعمل
مغربی بنگال کے ریٹائرڈ آئی جی پنکیج دتہ نے کہا کہ بنگال میں اس طرح کے دھندے کا انکشاف ہونا کوئی حیرت کی بات نہیں ہے۔ جہاں بچے بموں کو گیند سمجھ کر کھیلتے ہیں وہاں کچھ بھی ممکن ہے۔ رٹائرڈ پولیس آفیسر سلیل بھٹاچاریہ کا کہنا ہے کہ بنگال میں خاص طور پر شمالی بنگال میں اس طرح کے کاروبار عام ہے۔ اس میں پولیس انتظامیہ کی کوئی غلطی نہیں ہے. عام لوگ بیدار نہیں ہیں۔
سیاسی رہنماؤں کا ردعمل
بی جے پی کے سینئر رہنما راہل سنہا نے کہا کہ شکر ہے آن لائن بموں اور دھماکہ خیز مواد کا ہوم ڈلیوری کے کاروبار کا پردہ فاش ہوا ہے۔ بنگال میں لاء اینڈ آرڈر کی جو صورتحال ہے یہاں کچھ بھی ممکن ہے۔ بی جے پی کو چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہونے والے جے پرکاش مجمدار نے کہا کہ کسی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے پولیس انتظامیہ کی کارروائی اور رپورٹ کا انتظار کرنا چاہیے۔ پولیس اپنا کام کر رہی ہے تبھی تو آن لائن ہوم ڈلیوری کا پردہ فاش ہوا ہے۔