مغربی بنگال کے دارلحکومت کولکاتا اور اس کے اطراف میں ڈینگو کاقہرجاری ہے۔ کولکاتا میونسپل کارپوریشن کی تمام ترکوششوں کے باوجود ڈینگو پر اب تک قابو نہیں پایاجاسکا۔
کولکاتا سے چند کیلومیٹرکی دوری پر نیوٹاون کے ای ایم بائی پاس علاقے میں رہنے والی ایک خاتون کی ایک غیرسرکاری ہسپتال میں موت ہوگئی ۔ وہ گزشتہ کئی دنوں سے بیمار تھی۔
ڈاکٹروں کے مطابق مریضہ کو بخار اور پیٹ میں درد کی شکایت پر ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔چند دنوں کے بعد ان کی موت ہو گئی۔ وہ ڈینگو میں مبتلا تھی۔ لیکن ان کی موت پر واضح طور پر کچھ بھی کہا نہیں جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق مرنے والی خاتون کی شناخت شرین بیگم (22)کی شکل میں ہوئی ہے۔ وہ بانکوڑہ ضلع کی رہنے والی ہے ۔ان کاشوہرنسیم علی مزدوری کے غرض سے کولکاتا میں رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سالٹ لیک علاقے میں ڈینگو میں مبتلا ایک شخص کی موت ہوگئی تھی۔ وہ گزشتہ کئی دنوں سے سالٹ لیک کے غیرسرکاری ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔
کولکاتا اور اس کے اطراف میں ڈینگومیں مبتلا مریضوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہو اہے ۔ اب تک پندرہ لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔خدشہ ہے کہ ڈینگو سے مرنےو الوں کی تعداد میں مزید اضا فہ ہو سکتا ہے۔
دوسری طرف کولکاتامیونسپل کارپوریشن نے ڈینگو سےنمٹنے کے لیے جنگی سطح پرکام شروع کردیاہے۔ اضلاع کے تمام میونسپلٹیوں کوڈینگو سے نمٹنے کی کڑی ہدایت دی ہے۔