وشوا بھارتی یونیورسٹی میں پوش میلہ کی حدبندی کے دوران مقامی افراد کی خاصی تعداد یونیورسٹی میں داخل ہو گئی اور حد بندی کے کام کو بند کروا دیا۔
اطلاعات کے مطابق مقامی افراد کی جانب سے توڑ پھوڑ کرنے کے بعد یونیورسٹی کو غیرمعینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا۔
وشوا بھارتی یونیورسٹی میں آج صبح سے ہی ہنگامہ دیکھی گئی۔ سینکڑوں افراد پوش میلہ میدان میں جمع ہو گئے اور حدبندی کے کام کو رکوادیا جبکہ نئی دیوار کو بھی ڈھادیا گیا۔
پوش میلہ میدان بچاؤ کمیٹی کے بینر تلے مقامی ترنمول کانگریس رہنما نریش باؤڑی کی قیادت میں سینکڑوں مقامی افراد نے حدبندی کے خلاف ریلی بھی نکالی۔ اس دوران ہجوم نے زیر تعمیر دیوار بھی ڈھا دی۔ احتجاجی مظاہرین نے ’گو بیک وی سی‘ کے نعرے بھی بلند کئے۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر ودوت چکرورتی کی ہدایت پر وشوا بھارتی یونیورسٹی کے پوش میلہ میدان کی حد بندی کی جا رہی تھی جبکہ مقامی افراد حدبندی کے خلاف تھے۔ پوش میلہ کی حد بندی کو لیکر کافی دنوں سے تنازعہ جاری تھا۔ طلباء اور مقامی افراد اس کے خلاف تھے۔
وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی کو واقعہ سے آگاہ کیا گیا۔