نئی دہلی: سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کا جمعرات کو 92 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ کانگریس کے سینئر رہنما کو جمعرات کی شام ان کی طبیعت خراب ہونے پر تشویشناک حالت میں ایمس دہلی میں داخل کرایا گیا تھا۔ سنگھ اس سال کے شروع میں راجیہ سبھا سے سبکدوش ہوئے تھے جبکہ انہوں نے پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں 33 سالہ گذارے۔ سینئر کانگریس لیڈر نے جمعرات کی شام ایمس میں آخری سانس لی۔ ان کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید نے ٹوئٹ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی دہلی ایمس پہنچ گئی ہیں۔ کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کے بھی جلد ہی ایمس پہنچنے کی اطلاع ہے۔ خبر ہے کہ راہل گاندھی اور ملکارجن کھرگے بھی کانگریس اجلاس چھوڑ کر دہلی واپس لوٹ رہے ہیں۔