ریاست مغربی بنگال میں لفٹ فرنٹ کے چیئرمین بمان بوس نے حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کو ایک ہی سکے کا دو پہلو قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 'ترنمول کانگریس اور بی جے پی کسی زمانے میں حلیف جماعتیں تھیں۔ دونوں کے درمیان اب بھی اچھے تعلقات ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے رہنما ایک دوسری کی پارٹی میں آسانی سے آ جاتے ہیں کیونکہ دونوں میں زیادہ فرق نہیں ہے۔ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کی سیاست مغربی بنگال کے ساتھ ساتھ ثقافت کے لئے خطرہ ہو سکتا ہے۔'
بمان بوس نے کہا کہ 'مغربی بنگال کے عوام کو حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی دونوں سے دوری بنانے کی کوشش کرنی چاہئے تاکہ ریاست کے اوپر منڈلانے والے خطرے کو ٹالا جا سکے۔'
ریاست کے مختلف اضلاع میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی چھاپہ ماری مہم پر انہوں نے کہا کہ یہ 'کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی یہ روٹین چھاپہ ماری مہم ہے۔ ای ڈی یہ پتہ لگانے کی کوشش میں مصروف ہے کہ کوئلہ اسمگلنگ، جانوروں کے اسمگلنگ کے معاملے میں ملوث افراد کس کس تک رقم پنہچاتے ہیں۔'
لفٹ فرنٹ کے چیئرمین بمان بوس نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ملک کو ہندو راشٹریہ بنانا اس پارٹی کا ایجنڈا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ویکسینیشن مہم 16 جنوری سے شروع ہوگی: مودی
انہوں نے کہا کہ بی جے پی مہاتما گاندھی کے قاتل گوڈسے کو حب الوطنی کے طور پر پیش کرچکی ہے اور اب بتایا جا رہا ہے کہ اس کا مجسمہ بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔