مغربی بنگال کے وزیر خوراک جیوتی پریہ ملک نے کہا کہ بھارت کی تاریخ کے عظیم ترین دانشور سوامی ویویکانند بنگال کے لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں۔
صدیوں سے لے کر آج تک مغربی بنگال کے عوام سوامی ویویکانند کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں۔ اسی وجہ سے ان کے جنم کو ہر سال جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں۔
ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما اور وزیر خوراک جیوتی پریہ ملک نے بی جے پی کے رہنماؤں پر سوامی ویویکانند کے جنم دن کو لے کر سیاست کرنے کا الزام عائد کیا۔
اس سال ان کے جنم دن کے موقع پر بی جے پی کے رہنماؤں نے ثابت کر دیا کہ وہ ہر چیز میں سیاست کرتے ہیں اور ان کے لئے اقتدار سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج تک سوامی ویویکانند کی رہائش گاہ پر جنم دن کے موقع پر سیاسی یا پھر مذہبی نعرے نہیں لگے لیکن آج بی جے پی کے رہنماؤں اور حامیوں نے مذہبی نعرہ بازی بھی کر ڈالی۔
وزیر خوراک جیوتی پریہ ملک نے کہا کہ شھبندو ادھیکاری کا بی جے پی میں کوئی مستقبل نہیں ہے۔
وہ جس مقصد کے تحت ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں وہ کبھی بھی پورا نہیں ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شھبندو ادھیکاری کو خالی ہاتھوں واپس آنا پڑے گا لیکن ان کے لئے ترنمول کانگریس کا دروازہ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند ہو چکا ہے۔