بھارتی وزیر داخلہ درگا پوجا کے موقع پر مغربی بنگال کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی تعریف کے پل باندھے اور ترنمول کانگریس پر نکتہ چینی کی۔
درگا پوجا کے ایک پنڈال کے افتتاح کے بعد امت شاہ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے این آر سی کا زکر کیا اور کہا کہ وزیراعلی ممتا بنرجی لاکھ کوشش کرلیں لیکن وہ این آر سی کو مغربی بنگال میں بھی نافذ کروا کے رہیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ 'بی جے پی کا وعدہ ہے کہ پناہ کے مستحق کسی ایک شخص کو بھی جانے کی ضرورت نہیں ہے, لیکن درانداز ی کرنے والا ایک شخص بھی ٹھہرنے نہیں پائے گا۔'
اس موقع پر امت شاہ نے بھارتیہ جن سنگھ کے بانی شیاما پرساد مکھرجی کو یاد کرتے ہوئے کشمیر سے دفعہ 370 کی منسوخی کا بھی ذکر کیا۔ انھوں نے کہا: 'دفعہ 370 کو ختم کرکے ہم نے کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ حصہ بنا دیا ہے اور مودی جی کی طرف سے یہ شیاما پرساد مکھرجی کے لیے خراج تحسین ہے۔'
انہوں نے کہا: 'بنگال اور دفعہ 370 کا چولی دامن کا ساتھ ہے کیوں کہ بنگال کے ہی شیاما پرساد مکھرجی نے سب سے پہلے اس کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ایک ملک میں دو ودھان 'قانون' دو پردھان اور دو علامتیں نہیں چلیں گی۔'
انھوں نے ریلی سے خطاب کے دوران عوام سے 'جہاں بلیدان ہوئے مکھرجی وہ کشمیر ہماراہے' جیسے نعرے بھی لگوائے۔
اس موقع پر امت شاہ نے دعوی کیا کہ بی جے پی بنگال میں کوئی نئی پارٹی نہیں ہے اور آئندہ اسبملی انتخابات میں ان کی جماعت کامیاب ہوکر نئی حکومت تشکیل دے گی۔