کولکاتا:مغربی بنگال کے مشرقی بردوان ضلع کے میماری تھانہ کے تحت شکتی گڑھ علاقے میں رہنے والی ایم اے پاس فردوسی بیگم اپنی ماں عائشہ بیگم اور بڑے بھائی کو اس مرتبہ مدھیامک امتحان دلانے میں اہم رول ادا کیا۔فردوسی بیگم کولکاتا کی عالیہ یونیورسٹی سے ایم اے ڈگری حاصل کرنے کے بعد اپنی تمام تر توجہ اپنی ماں اور بڑے بھائی کی ادھوری تعلیم کو مکمل کرانے پر مرکوز کرلی۔ لہٰذا اپنی بیٹی کی خواہش کو پورا کرنے کے لئے اکتالیس سال کی عائشہ بیگم اپنے بڑے بیٹے پرویز عالم کے ساتھ ثانوی امتحان میں بیٹھیں۔وہ دونوں مدھیامک امتحانات میں کامیابی کے لئے پرعزم ہیں۔
عائشہ بیگم بردوان کے شکتی گڑھ تھانہ کے گھاٹشیلا گاؤں کی رہنے والی ہے۔ آئی سی ڈی ایس ملازمہ عائشہ کے شوہر پیشے سے کسان ہیں۔ ان کا بیٹا پرویز عالم، 21، چھ سال قبل تعلیم چھوڑ کر کام کرنے لگا لیکن بیٹی فردوسی نے اپنی تعلیم جاری رکھی۔ اس نے ایم اے پاس کیا۔ اس کے بعد اس نے اپنی والدہ اور بھائی کو تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی۔فردوسی نے اپنی ماں اور بڑے بھائی کا گھٹشیلا صدیقیہ ہائی مدرسہ میں داخلہ کرایا۔ اس کے بعد دونوں نے سیکنڈری امتحان کی تیاری شروع کردی۔
عائشہ بیگم نے کہا کہ غربت کے سبب میں پڑھ نہیں سکی۔لیکن ہم بچوں کو تعلیم دلوانا چاہتے تھے۔بڑا بیٹا درمیان ہی تعلیم چھوڑ کر کام کرنے لگا۔لیکن بیٹی کی پڑھائی جاری رہی۔بیٹی نے اعلیٰ تعلیم بھی حاصل کی۔ اس نے مجھے مزید تعلیم حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ میری بیٹی نے کہا کہ اگر میں پڑھوں گی تو اس سے میرے کام میں بہت مدد ملے گی۔ چنانچہ میں نے ہائی مدرسہ میں داخلہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی بیٹی کے لئے تعلیم حاصل کر رہی ہوں۔میرا بیٹا اپنی بہن کی خوشی کے لئے دوبارہ پڑھا رہا ہے۔اللہ پر پورا بھروسہ ہے۔ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:Education Minister On Madhyamik Exam : حق تعلیم قانون کی وجہ سے مدھیامک امتحان دینے والے طلبا کی تعداد میں کمی آئی
دوسری طرف میموری ہائی مدرسہ کے ہیڈ ٹیچر توحیدعلی نے بتایا کہ لمبے عرصے سے ثانوی امتحان مرکز میں نگرانی کررہا ہوں لیکن پہلی مرتبہ ماں اور بیٹے کو ایک ساتھ امتحان دیتے ہوئے دیکھا۔ آج بہت سی خواتین جنہوں نے شادی کے بعد اپنی پڑھائی ترک کر دی ہیں عائشہ ان کے لئے ترغیب ہیں۔ ہیڈ ٹیچر توحید علی نے مزید کہا کہ اگر عائشہ آگے بھی پڑھنا چاہتی ہیں تو انہیں ہر طرح سے مدد کی جائے۔