مغربی بنگال کے دارلحکومت کولکاتا کے قریب واقع سالٹ لیک اسٹیڈیم میں کھیلے گیے انڈین سپر لئگ 20۔2019 کے 45ویں میچوں میں میزبان اٹلیٹیکو ڈی کولکاتا اور بنگلورو ایف سی کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔
دونوں ٹیموں نے شاندار انداز میں کھیل کامظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کی ۔
میزبان کولکاتا نے جارحانہ انداز میں کھیل کامظاہرہ کیا اور مہمان ٹیم بنگلورو ایف سی کی دفاعی دیوار میں شگاف ڈالنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہی۔
اسٹار کھلاڑیوں پر مشتمل بنگلورو ایف سی کی جانب سے چند دلفریب تحریکیں دکھنے کوملیں۔ سنینل چھتری کی قیادت والی بنگلورو کی ٹیم اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود سبقت حاصل نہ کرسکی۔
پہلے ہاف کے اختتام تک دونوں ٹیموں کی بھر پور کوشش کے باوجود کسی کی بھی جانب سے کوئی گول نہیں ہوسکا۔
دوسر ے ہاف میں انٹینو لویز ہابس کی تربیت یافتہ ٹیم اٹلیٹیکو ڈی کولکاتا نے جارحانہ انداز میں کھیل کامظاہر کیا اور کھیل کے 47 ویں منٹ پر جیش رانے کے پاس پر ولیمس کے ذریعہ کیے گئے گول کی بد ولت ایک صفر کی سبقت حاصل کرلی ۔
بنگلوروایف سی نے بھی جارحانہ کھیل کامظاہرہ کیا اور اسکور برابر کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن ناکام رہی ۔
کھیل کے اختتام تک اٹلیٹیکو ڈی کولکاتا ایک صفر کی سبقت برقراررکھتے ہوئے آ ئی ایس ایل کے ایک اہم میچ میں جیت کر پوائنٹ ٹیبل میں 10 میچوں میں 18 پوائنٹ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
ایف سی گوا 9 میچوں میں 18 پوائنٹ کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے جبکہ بنگلورو ایف سی 10 میچوں میں 16 پوائنٹ کے ساتھ تیسری اور جمشیدپور ایف سی 9 میچوں میں 13 پوائنٹ کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔