ریاست مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے پیش نظر مدھیامک و ہائر سیکنڈری کے امتحانات کو منسوخ کر دیا گیا تھا، بغیر امتحانات کے مدھیامک و ہائر سیکنڈری کےطلباء کو پاس کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن کس بنیاد پر کامیاب طلباء کو نمبرات دیئے جائیں گے اس کے لئے ایک ایکسپرٹ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ آج سیکنڈری و ہائر سیکنڈری بورڈ کی جانب سے اس سلسلے میں ایک پریس کانفرنس میں اس بات کی وضاحت کی گئی۔
مدھیامک 2021 میں شرکت کرنے والے طلباء کو 2019 کے نویں جماعت میں حاصل شدہ کل نمبرات کے 50 فیصد اور اور دسویں جماعت کے داخلی امتحانات میں حاصل شدہ کل نمبرات کے 50 فیصد کو جوڑ کر مدھیامک 2021 کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
اس بنیاد پر حاصل شدہ نمبرات سے اگر کوئی طالب علم عدم اطمینان کا اظہار کرتا ہے تو اس کو امتحان دینے کا بھی موقع دیا جائے گا اور امتحان دینے کے بعد حاصل شدہ نمبرات کو ہی حتمی نتیجہ سمجھا جائے گا۔ مدھیامک اور ہائر سیکنڈری میں مجموعی طور پر رواں برس 21 لاکھ طلباء شرکت کرنے والے تھے لیکن کورونا کے باعث امتحانات کو منسوخ کردیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں: کولکاتا: ٹیلی ویژن اور ریڈیو کے ذریعہ دسویں اور بارہویں کی کلاس شروع کرنے کی تیاری
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جولائی ماہ میں ایکسپرٹ کمیٹی کو نمبرات کے لئے خصوصی طریقہ کار کا استعمال کرکے جولائی تک نتائج کے اعلان کرنے کو کہا تھا۔ پریس کانفرنس کے دوران مغربی بنگال کونسل آف ہائر سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہائر سیکنڈری کے نتائج ایک خاص طریقہ کار کے تحت طلباء کو نمبرات دیئے جائیں گے۔
ہائر سیکنڈری کونسل کی صدر مہوا داس نے بتایا کہ ہائر سیکنڈری کے لئے نمبرات طے کرنے کے لئے مدھیامک و گیارہویں جماعت میں حاصل شدہ نمبرات کی بنیاد پر ہی نمبرات دیئے جائیں گے، ایچ ایس میں 70 /80 نمبر، تحریری امتحان میں 30/20 نمبر کے پریکٹیکل یا پروجیکٹ کے لئے ہوتے ہیں۔ ایکسپرٹ کمیٹی کی تجویز کے مطابق مدھیامک کے چار مضامین جس میں سب سے زیادہ نمبرات حاصل ہوئے ہوں گے اس کا 40 فیصد یعنی 70نمبر کا 40 فیصد جو کہ 28 ہوتا ہے ۔
مثال کے طور پر(a) اگر کسی نے مدھیامک کے چار مضامین میں 400 میں سے 200 نمبرات حاصل کئے ہوں گے تو اس کا نتیجہ یہ ہوگا۔ 200/400×14=40
(b)70 نمبرات کا گیارہویں جماعت میں حاصل شدہ نمبرات کا 60 فیصد جو کہ 42 بن ریا ہے یعنی اگر کوئی طالب علم 70 میں سے 50 نمبر حاصل کرتا ہے تو وہ اس طرح ہوگا۔
42×50/70=30
(c) 28 یعنی پریکٹیکل یا پروجیکٹ کے 30/20 نمبر کو جوڑ دیا جائے گا، حاصل مساوات a+b+c=14+30×28=72
اس بنیاد پر آرٹس اور کامرس کے طلباء کے بھی نمبرات طے کئے جائیں گے اور اس بنیاد پر حاصل شدہ نمبرات سے اطمینان نہ ہونے پر طالب علم کو تحریری امتحان دینے کا بھی موقع ملے گا لیکن امتحان دینے کے بعد جو نمبرات حاصل ہوں گے وہی حتمی نتیجہ تصور کیا جائے گا، آئندہ 23 جون تک تمام اسکولوں اور مدرسہ کے ہیڈ ماسٹرس کو طلباء کے گزشتہ امتحانات میں حاصل شدہ نمبرات کی تفصیل جمع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایسا نہ کرنے پر ان اسکولوں و مدارس کے طلباء کے نتائج کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔