دراندازی روکنا بی جے پی کا اہم مقصد :امت شاہ - امت شاہ مغربی بنگال کے دورے پر
وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد انسانوں کے ساتھ ساتھ پرندوں کی دراندازی پر بھی روک لگ جائے گی۔
مغربی بنگال کے دورے پر آئے وزیر داخلہ امت شاہ نے اسمبلی انتخابات کے مدنظر چوتھے 'پرورتن یاترا' کا افتتاح کیا۔ بی جے پی نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست کے تمام 294 حلقوں میں ووٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے کے لئے پرورتن یاترا کا اعلان کر چکی ہے۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ممتا بنرجی ایک ناکام وزیراعلیٰ ثابت ہو چکی ہیں۔ ان کے دور اقتدار میں سرحد پر دراندازی کے واقعات میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت بنتی ہے تو مغربی بنگال میں سرحد پار سے دراندازی پر مکمل طور پر روک لگ سکتی ہے۔ بی جے پی ہی یہ کام کر سکتی ہے۔ دوسری طرف امت شاہ نے کوچ بہار میں دو سو کروڑ روپے کی لاگت سے سرکٹ ہاؤس تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ 30 جنوری کو وزیر داخلہ امت شاہ مغربی بنگال کے دورے پر آنے والے تھے لیکن دہلی میں واقع اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے ہوئے بم دھماکہ کے باعث آخری لمحات میں وزارت داخلہ نے دورے کو منسوخ کر دیا تھا۔
غور طلب ہے کہ متوا سماج کے لوگوں نے شہریت ترمیمی ایکٹ نافذ کرنے کے لئے مرکزی حکومت پر دباؤ بنا رہے ہیں۔ بی جے پی کے رکن پارلیمان شانتانو ٹھاکر متوا سماج کے لوگوں کو شہریت ترمیمی ایکٹ کے ذریعہ بھارتی شہریت دینے کی بات کہہ چکی ہیں۔