درگا پوجا کے اختتام کے بعد ہزاروں کی تعداد میں مورتیاں ہگلی ندی میں وسرجن کے لیے لائی جاتی ہیں اور ہزاروں افراد کا ہجوم ہوتا ہے، ایسے میں انتظامیہ اس بات کی پوری کوشش کر رہی ہے کہ حالات کشیدہ نا ہوں۔
اس موقع پر کولکاتا پولیس، انڈین کوسٹ گارڈ اور پورٹ ٹرسٹ کے عملہ بھی موجود ہیں، کولکاتا کارپوریشن کے سات سو اہلکاروں پر مشتمل عملہ ڈیوٹی پر تعینات ہے وہیں دوسری جانب کارپوریشن کے ایم آئی سی دیباشس کمار بھی تمام کارروائی پر نظر رکھنے کے لیے موقع پر موجود ہیں۔
مورتیوں کو دریائے ہگلی میں وسرجن کے فوراً بعد کرین کی مدد سے نکال کر ٹرک میں لاد کر دوسری جگہ منتقل کیاجا رہا ہے تا کہ دریا میں آلودگی نہ ہو۔
اس موقع پر کولکاتا کارپوریشن کے میئر دیباشس کمار نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 'درگا پوجا کے بعد مورتیوں کے وسرجن کا سلسلہ کئی روز تک جاری رہتا ہے، ایسے میں دریائے ہگلی میں آلودگی بڑھنے کا اندیشہ ہوتا ہے جس کا خیال رکھتے ہوئے کولکاتا کارپوریشن کی کوشش ہے کہ دریائے ہگلی کو آلودہ نا ہونے دیا جائے، اس مقصد سے کارپوریشن کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کارپوریشن کا سات سو افراد پر مشتمل عملہ اس مقصد کے لیے دل و جان سے لگے ہوئے ہیں اور آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کرین کے ذریعے مورتیوں کو وسرجن کے فوراً بعد دریا سے نکال کر ٹرک میں لاد کر دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا ہے تو دوسری جانب گھاٹ پر ہونے والے ہجوم پر قابو پانے اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنائے رکھنے کے لیے بڑی تعداد میں پولیس موجود ہیں۔
جبکہ ٹرافک نظام کو چاک و چوبند رکھنے کے لیے ٹریفک پولس کا عملہ سرگرم ہے، انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال حکومت کی جانب سے دریا کی صفائی پر کافی دھیان دیا جا رہا ہے اور درگا پوجا کے موقع پر حکومت کی کوشش یہی ہے کہ گنگا کو صاف رکھنے میں کوئی کسر نہ رہ جائے اس لیے اتنی مستعدی سے یہ سارا کام چل رہا ہے۔