ممتا بنرجی پر بایاں محاذ کی طرف سے ہمیشہ سے یہ الزامات لگتے رہے ہیں کہ ترنمول کانگریس اور بی جے پی میں خفیہ اتحاد ہے۔ ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ایک زمانے میں اتحاد بھی رہ چکا ہے۔
سی پی آئی ایم رہنما محمد سلیم نے ممتا بنرجی پر ایک بار پھر الزام لگایا کہ بی جے پی اور ترنمول کانگریس میں ہمیشہ سے ہی خفیہ اتحاد رہا ہے۔ بنگال میں بی جے پی کا ہاتھ پکڑ لانے والی بھی ممتا بنرجی ہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کئی بار یہ بات واضح ہو چکی ہے جب کولکاتا میں میں امت شاہ آئے تھے اور ودیا ساگر کی مجسمہ توڑا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ جانچ ہوگی لیکن آج تک کوئی پکڑا نہیں گیا۔ کئی فساد ہوئے گزشتہ دس برسوں میں لیکن آج تک پتہ نہیں چلا کہ ان کے پیچھے کون تھا۔
محمد سلیم نے کہا کہ بی جے پی کو ترنمول کانگریس شہ دیتی ہے اور ممتا بنرجی کہتی ہیں آر ایس ایس کے لوگ کرتے ہیں تو آج تک کسی آر ایس ایس کے لوگوں کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جب تک ریاست میں سی پی آئی ایم کی حکومت تھی بنگال میں بی جے پی کا نام لیوا نہیں تھا، لیکن ممتا کی حکومت میں بی جے پی کو ریاست میں تقویت ملی ہے۔
محمد سلیم نے ممتا حکومت کی طرف سے مختلف اسکیموں کے نام پر لوگوں کا ڈاٹا جمع کرنے کا بھی الزام لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت ساتھی کے نام پر لوگوں کا آدھار کارڈ کی جانکاری لی جا رہی ہے۔ مودی حکومت بھی ڈاٹا جمع کر رہی ویسے ہی ممتا حکومت بھی لوگوں کا ڈاٹا جمع کر رہی ہے تاکہ موقع ملنے پر اس کا سودا کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں:
'ترنمول رہنما بی جے پی رہنماؤں پر حملے کروا رہے ہیں'
انہوں نے کہا کہ ایک طرف ممتا این پی آر اور این آر سی مخالف کرتے ہیں تو دوسری جانب حراستی کیمپ کے لئے مرکزی حکومت کو زمین دیتی ہیں۔ اسی طرح یہ ڈاٹا این پی آر کے لئے مرکزی حکومت کو دیں گی۔ ظاہری طور پر ممتا بنرجی بی جے پی کی مخالفت کرتی ہیں لیکن اندر سے ان کے درمیان سمجھوتہ ہے۔