جمعرات کو کچھ نامعلوم شرپسندوں نے مغربی بنگال کے مِدیناپور میں وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور پارلیمانی امور وی مرلی دھرن کے قافلے پر حملہ کیا۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ آج دن میں اس وقت پیش آیا جب وزیر برائے مملکت وی مرلی دھر اپنے قافلے کے ساتھ گزر رہے تھے تبھی چند افراد ان کی گاڑی کے سامنے آگئے۔
اس واقعے کی ایک ویڈیو وزیر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔
وزیر مملکت وی مرلی دھر نے ٹویٹ کرکے اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ لوگ اپنے ہاتھوں میں بانس اور ڈنڈے لئے ہوئے تھے۔ انہوں نے ان پر حملہ کردیا اور گاڑی میں توڑ پھوڑ کی۔ نامعلوم شرپسندوں کے حملے میں وزیر مملکت وی مرلی دھر کو کسی طرح کی کوئی چوٹ نہیں آئی ہے لیکن ان کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔ حملے میں وزیر برائے مملکت وی مرلی دھر کے محافظوں کو بھی تھوڑی بہت چوٹیں آئی ہیں۔
مرلیدھرن نے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور مغربی بنگال کے بی جے پی سربراہ دلیپ گھوش کو ٹیگ کر کے لکھا: مغربی مَدینا پور میں ٹی ایم سی کے گنڈوں نے میرے قافلے پر حملہ کیا، کھڑکیوں کو توڑا اور ذاتی عملے پر حملہ کیا۔'
واضح رہے دو مئی کو اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہونے کے بعد مغربی بنگال کے متعدد حصوں میں تشدد پھوٹ پڑا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے الزام لگایا کہ اس کے پارٹی کارکنوں کو تشدد کے دوران مارا گیا ہے۔ تاہم ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) ان الزامات کی تردید کر رہی ہے۔
اس سے قبل وزارت داخلہ کی معاونت سے چار رکنی ٹیم جمعرات کے روز کولکتہ پہنچی تاکہ مغربی بنگال میں انتخابات کے بعد ہونے والے تشدد کے درمیان زمینی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔