مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے آج عالمی یوم خواتین کے موقع پر ایک بڑی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ ترنمول کانگریس تیسری مرتبہ اقتدار میں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیٹوں پر ترنمول کانگریس کے امیدواروں کو سبقت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بنگال آکر مودی جھوٹ بولتے ہیں اور بنگال کی شبیہ کو خراب کرتے ہیں۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ صرف انتخابی موسم میں بنگال آنے والے بی جے پی لیڈران خواتین سے متعلق جھوٹ بولتے ہیں، وہ ہمیں خواتین کی حفاظت پر لیکچر دے رہے ہیں، مگر یہ بھول جاتے ہیں کہ جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے وہاں خواتین کی کیا حالت ہے۔ مودی کے گجرات میں کیا ہو رہا ہے۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیر اعظم بول رہے ہیں کہ بنگال میں خواتین محفوظ نہیں ہے مگر بنگال میں خواتین رات میں بھی بے خوف گھومتی ہیں، مگر مودی اور شاہ کے گجرات میں خواتین کی سیکیورٹی کی سب سے خراب حالت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم نسواں پر وزیر اعظم کا خواتین کی طاقت کو سلام
انہوں نے کہا کہ گجرات سمیت بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں پر اپنی توجہ مرکوز کرنا چاہئے، جہاں میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہر روز عصمت دری اور دو ہلاکتیں ریکارڈ کی جاتی رہی ہیں۔
مرکزی کولکاتا میں کالج اسکوائر کے علاقے میں شروع ہونے والی ٹی ایم سی ریلی پانچ کلومیٹر دور ڈورینا کراسنگ کے قریب اختتام پذیر ہوئی۔
پارٹی کے سینئر رہنما چندریما بھٹا چاریہ اور مالا رائے مارچ میں شامل ہوئیں۔ اداکارہ اور اب ٹی ایم سی امیدوار جون ملیہ، سیوونی گھوش اور سائنتیکا بینرجی نے بھی اس ریلی میں حصہ لیا۔
یو این آئی