کولکاتا: تفتیشی ایجنسی کے مطابق وزیر سوجیت بوس کو اسی دستاویز کی بنیاد پر طلب کیا گیا ہے۔ 2016 میں سوجیت جنوبی دم دم میونسپلٹی کے ڈپٹی چیف تھے۔ سی بی آئی کا ماننا ہے کہ اس وقت کارپوریشن کی تقرری میں بدعنوانی ہوئی تھی۔ انہیں پوچھ گچھ کے لیے 31 اگست کو صبح 11 بجے نظام پیلس میں طلب کیا گیا ہے۔
ای ڈی نے 19 مارچ کو بھرتی معاملے میں آیان شیل کو گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی کے ذریعہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ سالٹ لیک میں آیان کے دفتر کی تلاشی لینے پر ریاست کی متعدد میونسپلٹیوں میں مختلف عہدوں کے لئے ملازمت کے خواہشمندوں کی او ایم آر شیٹس (جوابی شیٹس) برآمد ہوئے ہیں۔
ای ڈی ذرائع کے مطابق یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پوچھ گچھ کے دوران آیان نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ اس نے مختلف میونسپلٹیوں میں نوکری دلانے کے عوض مجموعی طور پر 200 کروڑ روپے لئے ہیں۔اس کے بعد ہی میونسپلٹی کی تقرری میں کرپشن سامنے آئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:Enforcement Directorate ای ڈی نے ایک بار پھر لیپس اینڈ باؤنڈس پرائیویٹ لمیٹڈسے ابھیشیک بنرجی کے نام کو جوڑا
کلکتہ ہائی کورٹ کے جسٹس ابھیجیت گنگوپادھیائے نے سی بی آئی کو پور کی تقرری میں بدعنوانی کی جانچ کی ذمہ داری دی تھی۔ ریاستی حکومت نے اس حکم کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ لیکن سپریم کورٹ نے ریاست کی عرضی کو مسترد کر دیا۔ میونسپلٹی کی تقرری کی سی بی آئی جانچ کے جسٹس گنگوپادھیائے کے حکم کو برقرار رکھا گیا ۔