ریاست مغربی بنگال سے رکن پارلیمان اور اداکارہ نصرت جہاں نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بولنے کی نہیں سمجھنے والی بات ہے۔ یہ لوگ اقتدار پر قبضہ جمانے کے لئے خطرناک طریقے سے کام کرتے ہیں۔ انہیں اس سے کوئی مطلب نہیں ہے کہ نفرت کا زہر پھیلانے سے عام لوگوں کو کتنا نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل بیرونی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے اعلیٰ رہنما ریاست کے دورے کے لئے قطار میں کھڑے ہیں۔ اسمبلی انتخابات کے بعد ایسا بالکل نہیں ہو گا۔ مہمان بن کر تفریح کے لئے مغربی بنگال کا دورہ کرنے آنے والے بی جے پی کے رہنماؤں کو چراغ لے کر ڈھونڈنا پڑے گا اس کے باوجود وہ نہیں ملیں گے۔
رکن پارلیمان کا کہنا ہے کہ ترنمول کانگریس کے تمام رہنما عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت آس پاس موجود رہتے ہیں لیکن بی جے پی والے نہیں رہیں گے۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے ریاست کو سنوارنے کے لئے کڑی محنت کی ہے اور عام لوگوں کی خدمت کے لئے اپنی زندگی وقف کر دی ہیں ہمیں ایسی رہنما ہرگز نہیں ملے گی۔ شیرہاٹ سے ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان نصرت جہاں نے کہا کہ بی جے پی کے پاس دولت کی کوئی کمی نہیں ہے۔ دولت کی مدد سے پہلے خرید و فروخت کرتے ہیں اور اس کے بعد حکومت بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں جو کچھ ہوا اس پر مٹی ڈال کر اسمبلی انتخابات میں نئی شروعات کرنے کی ضرورت ہے۔ نفرت کی سیاست کرنے والوں کو نہ صرف اسمبلی انتخابات میں شکست دینا ہے بلکہ ریاست میں داخلے کا دروازہ بھی بند کر دینا ہے کیونکہ مغربی بنگال ہی واحد ریاست ہے جہاں تمام مذاہب کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں۔