سابق بی جے پی صدر کے دورے کا مقصد 2021 میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔ اس دوران وہ ریاست کے آدیواسی اور متوا طبقے کے لوگوں سے ملاقات کریں گے اور ان کے گھر جاکر کھانا بھی کھائیں گے۔
مغربی بنگال میں گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں برسر اقتدار ترنمول کانگریس کو آدیواسی اور متوا طبقہ کے علاقوں میں کافی نقصان ہوا تھا اور ان علاقوں میں بی جے پی نے بہتر مظاہرہ کیا تھا۔ خصوصی طور پر جنگل محل اور شمالی بنگال میں ترنمول کانگریس کو کافی نقصان ہوا تھا جبکہ ان علاقوں میں بی جے پی کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا تھا، جس کی وجہ سے جھاڑگرام، بانکوڑہ اور پرولیا میں بی جے پی کو سب سے زیادہ سیٹیں ملی تھیں۔
گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کو نظر میں رکھتے ہوئے امت شاہ کے دو روزہ بنگال کے دورے کے موقع پر آدیواسی اور متوا طبقہ کے لوگوں کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔ دورے کے دوران امت شاہ جنگل محل جائیں گے۔
وہیں دوسری جانب ترنمول کانگریس جنگل محل میں اپنی کھوئی زمین دوبارہ حاصل کرنے کی تگ و دو میں لگی ہوئی ہے جبکہ ترنمول کانگریس کی کوششوں کو ناکام بنانے کےلیے بی جے پی کوشاں ہے۔
امت شاہ آئندہ جمعرات کو کولکاتا پہنچنے کے بعد ہیلی کاپٹر سے بانکوڑہ کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔ وہاں وہ برسا منڈا کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ اس کے بعد رابندر بھون میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے اور وہاں سے چتور دیہی گرام جائیں گے، جہاں وہ ایک آدیواسی خاندان کے گھر میں کھانا بھی کھائیں گے۔
کیلاش وجئے ورگیہ کے مطابق دورے کے دوران امت شاہ دکھینشور مندر میں پوجا کریں گے۔ اس کے بعد اجئے چکرورتی کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ پھر سالٹ لیک ای زیڈ سی سی میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے۔ اس کے بعد گوربنگہ میں ایک متوا خاندان کے گھر جاکر کھانا کھائیں گے۔ اس سلسلے میں آج سالٹ لیک ای زیڈ سی سی میں کیلاش وجئے ورگیہ مکل رائے اور دوسرے بی جے پی رہنماؤں نے اجلاس منعقد کرکے جائزہ لیا۔