مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے بنگاوں کے ٹھاکر نگر میں عوامی جلسے کو خطاب کرتے وزیر داخلہ نے اپوزیشن جماعتوں پر شدید تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی ایکٹ مسلمان بھائیوں کی شہریت چھیننے کے لئے نہیں بنایا گیا ہے، بلکہ دوسرے ملکوں سے یہاں پناہ لینے والوں کو شہریت دینے کے لئے بنایا گیا ہے۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ میں مسلمان بھائیوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ آپ میں سے کسی ایک کی شہریت چھینی نہیں جائے گی۔
بی جے پی کے رہنما کا کہنا ہے کہ اپوزیشن پارٹیوں نے سب سے زیادہ مسلمان بھائیوں کو گمراہ کیا ہے۔ 'میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ مسلمانوں کو آخر کب تک ووٹ بینک کے طور پر استعمال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 70 برسوں سے مسلمانوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرکے انہیں ترقی کی راہ سے کوسوں دور کر دیا۔ ان پر اور کتنا ظلم ڈھائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کانگریس، ترنمول کانگریس اور لفٹ فرنٹ پر مسلمانوں کو نہ صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا بلکہ انہیں ترقی سے بھی دور رکھنے کا الزام لگایا۔
شمالی 24 پرگنہ کے بنگاوں کے ٹھاکر نگر میں عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا بنگال میں شہریت ترمیمی ایکٹ بہت جلد نافذ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن کا کام جاری ہے۔ کورونا پر مکمل طور پر قابو پانے کے بعد شہریت ترمیمی ایکٹ نافذ کرنے کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
امت شاہ کا کہنا ہے کہ شہریت ترمیمی ایکٹ کو نافذ ہونے سے کوئی روک نہیں سکتا ہے، ممتا بنرجی تو ہرگز نہیں کیونکہ اپریل کے بعد سے ان کا پتہ بدل جائے گا۔