بڈگام (محمد عارف وانی): مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے بیروہ قصبے میں آج سماجی کارکن مزمل محمود نے 62 آر آر کے اشتراک سے سائیکلنگ چیمپئن شپ کا اہتمام کیا۔ اس موقعے پر تحصیل آفس بیروہ سے مہمان خصوصی ڈی ایس پی ماگام محمد اشرف لسری نے ایس ایچ او بیروہ مداثر نصیر، لیفٹیننٹ کرنل سپم بھومیشور اور سماجی کارکن مزمل محمود کے ساتھ مل کر جھنڈی دکھا کر سائیکلسٹس کو روانہ کیا۔ یہ سائیکل ریس پٹرول پمپ ورہ ہامہ پہنچ کر ختم ہوئی۔ سائیکلنگ دوڈ میں تیس سے زائد سائیکلسٹس نے حصہ لیا۔
اختتامی تقریب کے موقعے پر پہلی تین امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والوں کو انعامات سے نوازا گیا اور باقی دیگر میں میڈلز تقسیم کیے گئے۔ یہاں پر تمام شرکاء کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی انتظام رکھا گیا۔ اس موقعے پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹ محمد عرفان پٹھان نے بتایا کہ آج کی ریس کافی اچھی رہی اور میں نے اس کے لئے محنت بھی کی تھی جس کی بدولت میں نے یہ ریس جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔ ان کا کہنا ہے کہ سڑک اچھی نہیں تھی اور سردی بھی تھی مگر آرگنائزرز نے اچھا انتظام کیا تھا جس کی وجہ سے یہ ریس خوش اسلوبی سے مکمل ہوئی۔
ایک دوسرے سائیکلسٹس ارسلان احمد ڈار نے بتایا کہ اس بار میری پرفارمنس اچھی نہیں رہی اور سردی بھی ایک وجہ بنی جس کی وجہ سے مجھے دوسری پوزیشن حاصل ہوئی۔ انشاءاللہ آگے میں مزید محنت کروں گا اور پہلی پوزیشن حاصل کروں گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میں مختلف چیمپئن شپز میں شرکت کر چکا ہوں اور مستقبل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنا، ماں باپ کا اور وادی کا نام روشن کروں گا۔
محمد عاقب لون نے بتایا کہ میرے امتحانات چل رہے تھے جس کی وجہ میں پریکٹس نہیں کر پایا اور آج مجھے اسی وجہ سے تیسری پوزیشن حاصل ہوئی۔ موسم سرد ہونے اور روڈ بھی خراب ہونے کے سبب بھی میری کارکردگی پر اثر پڑا مگر مستقبل میں ہونے والے مقابلوں میں انشاءاللہ محنت کرکے اس سے بھی بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کروں گا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیری پاور لفٹر فردیم حسین 'طلائی' خواب لیے تھائی لینڈ روانہ
اس موقعے پر وادی کے مشہور سماجی کارکن مزمل محمود نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم بڈگام سائیکلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد ہر سال کرتے ہیں اور یہ ضلع کا ایک اہم ایونٹ ہونے کی بدولت اس میں مختلف علاقوں سے سائیکلسٹ شرکت کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے مقابلوں کو منعقد کرنے کا ہمارا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کرنا ہے اور ان کی مثبت قوت کو ان ہی کی نشوونما میں لگانا ہے۔ اس وقت جہاں وادی میں منشیات نے نوجوانوں کو اپنی گرفت میں لے لیا ہے، چونکہ نوجوان قوم کا اثاثہ ہوتا ہے، لہذا ہم ان کو ایسی سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں تاکہ یہ ذہنی اور جسمانی طور پر تندرست رہیں اور سماج میں اپنا ایک منفرد مقام حاصل کریں۔
مزید پڑھیں: اونتی پورہ میں تائیکوانڈو چمپین شپ کا افتتاح
آخر میں مزمل محمود نے ایل جی انتظامیہ اور ایم ایل اے بیروہ، وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر، منسٹر فار سپورٹس سے اپیل کی کہ وہ بیروہ میں ایک انڈور سٹیڈیم تعمیر کریں اور ساتھ ہی کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر و ترقی پر توجہ دیں جس سے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا اور وہ ملک کا نام روشن کریں گے۔