کولکاتا: سماج وادی پارٹی کے صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے جمعہ کو مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران دونوں لیڈروں نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کانگریس کے بغیر لڑنے اور مشترکہ طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست دینے پر اتفاق کیا۔ ممتا بنرجی اور اکھلیش یادو نے کہا کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس سے دور رہیں گے۔ ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سدیپ بندوپادھیائے نے کہا کہ پارٹی اپنے طریقے سے چلے گی اور کانگریس اور بی جے پی سے دوری بنا کر رکھے گی۔ ممتا بنرجی اگلے ہفتے اڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک سے بھی ملاقات کریں گی۔
ٹی ایم سی لیڈر سدیپ بندوپادھیائے نے کہا کہ بی جے پی جان بوجھ کر راہل گاندھی کو فوکس میں رکھنا چاہتی ہے، تاکہ انہیں استعمال کرکے پارلیمنٹ میں جواب دینے سے بچ سکے۔ بندوپادھیائے نے کہا کہ بی جے پی ایک حکمت عملی کے تحت راہل کو اپوزیشن کا چہرہ بنا کر رکھنا چاہتی ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اپوزیشن کا کوئی مشترکہ امیدوار ہوگا جو وزیر اعظم کے عہدے کا دعویدار ہوگا، بندوپادھیائے نے کہا کہ ابھی اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ سدیپ بندوپادھیائے نے ایک بات واضح کی کہ اگر بی جے پی کانگریس کو اپوزیشن سمجھ رہی ہے تو وہ کنفیوژن میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کانگریس اور بی جے پی دونوں سے فاصلہ رکھتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Akhilesh Yadav In Kolkata مرکزی حکومت ڈوبتی معیشت کو سنھبالنے کے بجائے اپوزیشن کو خاموش کرانے میں مصروف
وہیں اکھلیش یادو نے کولکتہ میں اپنی پارٹی کارکنوں سے بھی خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی نے بی جے پی کو اچھا سبق سکھایا ہے۔ 2021 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو لگ رہا تھا کہ وہ جیت جائے گی، لیکن ممتا بنرجی نے انہیں صحیح راستہ دکھایا۔ اکھلیش نے کہا کہ ہماری پارٹی بی جے پی کو ہرانے کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم سب اکٹھے ہوجائیں تو ملک کے کونے کونے سے بی جے پی کو شکست دی جاسکتی ہے۔ اکھلیش نے کہا کہ بی جے پی حکومت صرف ملک کی جائیدادیں بیچنے میں لگی ہوئی ہے۔
یو این آئی