اتراکھنڈ میں اسمبلی انتخابات سے چند ماہ قبل ایک اور وزیر اعلی مل گیا ہے۔ تیرتھ سنگھ راوت کے استعفیٰ کے بعد پارٹی ہائی کمان نے پشکر سنگھ دھامی Pushkar Singh Dhami کے نام کو حتمی شکل دے دی۔ پشکر سنگھ دھامی کھٹیما اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے ہیں اور اتوار کے روز اتراکھنڈ کے گیارہویں وزیر اعلی کے طور پر حلف لیں گے۔ لیکن اس سے پہلے ان کا ایک ٹویٹ سرخیوں میں ہے۔ جو اس بات کا اندازہ لگاتا ہے کہ وہ وزیر اعظم مودی کے کتنے بڑے مرید ہیں۔
سات سال پرانا ٹویٹ
پشکر دھامیPushkar Dhami نے یہ ٹویٹ 6 ستمبر 2014 کو کیا تھا یعنی آج سے تقریبا 7 سال پہلے۔ دھامی نے ٹویٹ کیا تھا کہ آج اخبار پڑھنے کے بعد نہانے جاتے ہوئے کمرے کا پنکھا و لائٹ دونوں بند کر دیے ۔ پہلے صرف پنکھا بند کیا کرتا تھا۔ لگتا ہے مودی سر کی کلاس کا اثر ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے مرکزی حکومت کی باگ ڈور سنبھالے تب چند ماہ ہی ہوئے تھے۔ پی ایم مودی نے تب بجلی بچانے کا منتر دیا تھا، جس کے بعد پشکر سنگھ دھامی نے یہ ٹویٹ کیا۔ 2014 میں دھامی نے جب یہ ٹویٹ کیا تھا وہ 38 سال کے ایک نوجوان ایم ایل اے تھے۔
اتراکھنڈ کے سب سے نوجوان وزیر اعلیٰ ہوں گے دھامی
45 سال کے پشکر دھامی اتراکھنڈ کے سب سے نوجوان وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ وہ دوسری بار اسمبلی پہنچے ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ کماؤں میں پارٹی کے تسلط کو بڑھانے اور خاص طور پر نوجوانوں میں اپنی پہنچ بڑھانے کے لیے بی جے پی ہائی کمان کا یہ فیصلہ 2022 کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر موثر ثابت ہوسکتا ہے۔
لکھنؤ یونیورسٹی کے دور سے ہی سیاست میں سرگرم رہے۔ انہوں نے تقریباً ایک دہائی تک آر ایس ایس، اے بی وی پی میں مختلف عہدوں پر بھی کام کیا۔ پشکر سنگھ دھامی اتراکھنڈ میں بی جے پی یوتھ ونگ کے صدر کی حیثیت سے بھی دو مدت تک خدمات انجام دے چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: اتراکھنڈ میں سیاسی بحران پر تذبذب ختم، پشکر سنگھ دھامی ہوں گے وزیر اعلی
دھامی نے تیرتھ سنگھ راوت کی جگہ لی، جنہوں نے جمعہ کی شام دیر گئے گورنر بیبی رانی موریہ کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔ گڑھوال لوک سبھا سیٹ سے رکن پارلیمنٹ تیرتھ سنگھ راوت کو قوانین کے مطابق وزیر اعلیٰ بنے رہنے کے لیے چھ ماہ کے اندر منتخب ایم ایل اے کی حیثیت سے حلف لینی ہوتی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔