چمولی: اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ اگر جوشی مٹھ کے لوگ اور انتظامیہ آفت کی گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں تو اس بحران سے نکل آئیں گے۔ دھامی نے جوشی مٹھ بحران سے نکلنے اور امدادی کاموں اور زندگی کو منظم کرنے کے لیے مقامی عوامی نمائندوں، ممتاز شہریوں اور کارکنوں کے ساتھ میٹنگ کی ہے۔ انہوں نے تمام سے کہا کہ وہ آفت کی اس گھڑی میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے ان کے لیے آگے کی راہیں ہموار کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اور جن لوگوں کے گھر، دکانیں اور کاروبار متاثر ہوئے ہیں ان کو 1.50 لاکھ روپے عبوری امداد کے طور پر دیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال یہ مکمل ریلیف پیکج نہیں ہے۔ اس کے لیے یہاں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور متاثرہ افراد کو بہتر ریلیف فراہم کیا جائے گا اور حکومت ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ جوشی مٹھ سے متعلق خوف و ہراس کا ماحول بنا رہے ہیں جو غلط ہے۔ اس سے ہمارے عوام اور ریاست کا نقصان ہو رہا ہے۔ مقامی لوگوں کی معاشی حالت متاثر ہو رہی ہے۔ اس لیے ایسا ماحول نہ بنائیں اور سب کو مل کر متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جوشی مٹھ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ جے پی کمپنی کے نزدیک پانی کا رساو بھی اب کم ہو رہا ہے۔ قبل ازیں دھامی نے جوشی مٹھ کے دیوتا بھگوان نرسمہا کی خصوصی پوجا بھی کی اور جوشی مٹھ کی حفاظت کے لیے پرارتھنا کی۔ اس دوران چیف منسٹر کے سکریٹری آر میناکشی سندرم، ضلع مجسٹریٹ ہمانشو کھرانہ کے ساتھ تمام متعلقہ افسران، عوامی نمائندے، معززین وغیرہ موجود تھے۔
یو این آئی