اتراکھنڈ کے ادھم سنگھ نگر میں ایک نوجوان کو بی جے پی کے پرچم لگانے کی اجرت طلب کرنا اس وقت مہنگا پڑ گیا جب پیسے کے مطالبے پر مزدور نوجوان کو پیٹرول سے جلا ڈالا۔
نوجوان کے اہل خانہ نے رام پورہ کے دو بی جے پی کارکنان پر نذر آتش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مقامی پولیس سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دو دن قبل رودر پور میں بی جے پی کے ریاستی صدر مدن کوشک کی آمد پر ریلی کو کامیاب بنانے کے لئے، بی جے پی کارکنوں نے مزدوروں سے ملازمت کے طور پر ان سے کام لیا ، جس میں رودر پور کے رام پور کا رہائشی ویویک نے بھی بی جے پی کے پرچم لگانے کا کام کیا تھا۔
ریلی کے اختتام کے بعد ، جب ویویک نے بی جے پی کارکنوں سے اپنی اجرت کے بدلے 300 روپے مانگے تو بی جے پی کے دو کارکنوں نے ویویک کے ساتھ مارپیٹ کی اور موٹرسائیکل سے پٹرول نکال کر اس پر ڈال دیا اور جلا ڈالا۔
بعد ازیں متاثرہ نوجوان کے اہل خانہ نے ڈسٹرکٹ اسپتال میں اسے داخل کرایا ، جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے۔ اس معاملے میں، زخمی کے بھائی نے پولیس کو شکایت کرتے ہوئے انصاف کی التجا کی ہے۔
دوسری طرف پولیس افسر امت کمار کا کہنا ہے کہ ویویک کا پڑوسی سے جھگڑا ہوا جس کے بعد اس نے خود کو آگ لگادی۔ اس سارے معاملے میں اس وقت جہاں سیاست گرم ہے تو وہی بھائی چارا ایکتا منچ کے صدر نے بی جے پی رہنماوں اور کارکنوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔