اترپردیش کے دار الحکومت لکھنؤ میں آج زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف انڈیا نے عیش باغ واقع اسلامک سنٹر آف انڈیا میں کوچنگ کا افتتاح کیا ہے۔
زکوۃ فاؤنڈیشن کے بانی سید ظفر محمود صاحب نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ آزادی کے بعد سے ہی مسلمانوں کی نمائندگی سِول سروسز میں محض 25 فیصد رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت کا فضل و کرم ہے کہ گذشتہ تین سال میں مسلمانوں کی نمائندگی بڑھ کر چار سے پانچ فیصد کے درمیان ہوگئی ہے۔
ظفر محمود نے مزید کہا کہ ہمیں ضرورت ہے کہ آنے والے وقت میں ہم اسے بڑھا کر 14 سے 15 فیصد تک لے جائیں کیونکہ ملک میں مسلم آبادی تقریبا 14 فیصد ہے۔
لہذا ہم سب کو اس جانب بہتر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے نوجوان بچے اور بچیاں قوم کے اور ملک کے ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر سکیں۔
مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ جلد ہی یہاں پر کلاس شروع ہوجائیں گی۔
واضح رہے کہ لکھنؤ کے اسلامک سنٹر میں جو کوچنگ کا افتتاح ہوا ہے اس میں فی الحال 30 سے 40 س طلباء نے رجسٹریشن کروا لیا ہے، امید ہے کہ یہ تعداد اور زیادہ ہوگی۔
ابھی کوچنگ میں کوئی بھی آکر سِول سروسز کی تیاری کر سکتا ہے۔ جلد ہی وہاں پر ساری سہولت مہیا کروا دی جائے گی۔