لکھنؤ: اترپردیش کے سابق ایڈوکیٹ جنرل اور بابری مسجد ایکشن کمیٹی کے کنوینر ظفریاب جیلانی کو بدھ کی رات دیر گئے عیش باغ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ظفریاب جیلانی کی نماز جنازہ دارالعلوم ندوۃ العلماء کے احاطےمیں عشاء کی نماز کے بعد ادا کی گئی۔ واضح رہے کہ سینئر ایڈوکیٹ ظفریاب جیلانی (73) کا بدھ کو لکھنؤ کے نشاط ہسپتال میں انتقال ہوگیا۔ جیلانی کی موت کی خبر ملتے ہی صبح سے سینکڑوں لوگ ہسپتال اور ان کے گھر پر جمع تھے۔ سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے ہسپتال پہنچ کر ظفریاب جیلانی کے اہل خانہ کو تسلی دی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ عشاء کی نماز کے بعد ان کی نماز جنازہ دارالعلوم ندوۃ العلماء کے احاطے میں ادا کی گئی۔ جیلانی کی نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ رات تقریباً 10 بجے ان کی لاش لکھنؤ کے عیش باغ میں واقع قبرستان پہنچی۔ ان کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے ہزاروں افراد قبرستان میں جمع ہوئے۔ سماج وادی پارٹی کے رہنما اعظم خان بھی ظفریاب جیلانی کی تدفین کے لیے قبرستان پہنچے۔
مزید پڑھیں: Advocate Zafaryab Jilani Passes away بابری مسجد کیس کے وکیل ظفریاب جیلانی کا انتقال
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری ظفریاب جیلانی کی صحت چند سال قبل اسلامیہ کالج میں گرنے کی وجہ سے بگڑ گئی تھی۔ ان کے سر پر چوٹ لگ گئی تھی۔ لکھنؤ کے میدانتا اسپتال کے بعد اب وہ طویل عرصے سے نشاط اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ظفریاب جیلانی نے بدھ کو لال باغ کے نشاط ہسپتال میں آخری سانس لی۔ ظفریاب جیلانی مسلم پرسنل لا بورڈ کے سیکرٹری تھے۔ جیلانی بابری مسجد ایکشن کمیٹی کے کنوینر بھی تھے۔ ظفریاب جیلانی یوپی کے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل رہ چکے ہیں۔