ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ کے سابق رکن اسمبلی حاجی یعقوب قریشی کی تصویر کو ایک نجی چینل پر طالبان سے جوڑ کر نشر کیے جانے سے چینل کے خلاف ناراضگی ظاہر کی جارہی ہے۔وہیں حاجی یعقوب قریشی نے اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ میرٹھ میں پولیس کے اعلی افسران سے ملاقات کرنے کے بعد چینل کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔
دراصل گزشتہ دنوں ایک نجی نیوز چینل کے ایک بحث و مباحثہ پروگرام میں طالبان لیڈر ملا عمر کے بیٹے کی تصویر کی جگہ اترپردیش کے سابق وزیر اور رکن اسمبلی حاجی یعقوب قریشی کی تصویر نشر کی گئی تھی۔اب اس معاملے سے ناراض حاجی یعقوب قریشی اور ان کے حامیوں نے چینل کے خلاف ناراضگی ظاہر کی ہے۔
مزید پڑھیں:جنسی زیادتی میں ملزم بی ایس پی رہنما اتل رائے کی عرضی کورٹ سے خارج
غلط تصویر شائع کرنے سے ناراض حاجی یعقوب قریشی کے سینکڑوں حامیوں نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر چینل کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔وہیں سابق وزیر حاجی یعقوب قریشی نے بھی میرٹھ میں پولیس کے اعلی افسران سے ملکر چینل کے خلاف سخت کارروائی اور ہتک عزت کا معاملہ درج کروایا ہے، تاکہ اس طرح کی غلطی کوئی دوسرا نہ کر سکے۔
وہیں بی ایس پی کارکن وکرانت تیاگی نے کہا کہ ایک نجی چینل نے امن پسند انسان کو طالبان سے جوڑ کر دکھایا ہے، جس کی ہم سخت الفاظوں میں مخالفت کرتے ہیں۔آج ہم نے چینل کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ انہیں جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔