نوئیڈا: موسم گرما کی شدت پوری آب وتاب سے جاری ہے،جس کے باعث انسان تو انسان چرند پرند بھی نڈھال ہو رہے ہیں۔ پرندے ہو یا جانور، سخت گرمی کے باعث پریشان اور پناہ کی تلاش میں بھٹکتے نظر آتے ہیں۔ آسانی سے نیکیاں کمانے کا ایک ذریعہ پانی پلانا بھی ہے ۔اس تناظر میں معروف سماجی کارکن اور ماہر تعلیم ڈاکٹر وی پی سنگھ نے ان پرندوں اور چرندوں کے تحفظ اور پانی پلانے کے لیے قومی راجدھانی دہلی اور این سی آر میں برڈ واٹر کنٹینر (پانیوں کے برتن) مہم کا اعلان کیا ہے۔
یہ مہم انٹرنیشنل ہیومن رائٹس اینڈ کرائم کنٹرول کونسل کے تعاون سے کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے پرندوں کے پانی کے برتن مہم کے پوسٹر کے اجراء کے ساتھ مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلے دن کناٹ پلیس کے اندرونی بیرونی سرکل، مشرقی دہلی، قرول باغ، سول لائن، آئی ایس بی ٹی، ریلوے اسٹیشن، آئی جی آئی ایئرپورٹ اور درجنوں دیگر مقامات پر پرندوں کے لیے پانی کے برتن رکھے جائیں گے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ڈاکٹر سنگھ بے زبان جانوروں اور پرندوں کے تحفظ کے لیے کام کر رہے ہیں، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پانی پلانا ایک بہت بڑی خدمت اور حصول ثواب کا ذریعہ ہے۔ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے آج ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ 30 مئی تک ہم دہلی این سی آر میں 500 سے زیادہ مقامات پر جانوروں، پرندوں کے لیے پانی کے برتن رکھیں گے، تاکہ وہ سب اپنی پیاس بجھا سکیں۔
مزید پڑھیں:Robbery At Gunpoint کار میں لفٹ کے بعد گن پوائنٹ پر لوٹ،گروہ کا پردہ فاش،چار گرفتار
اس کام کے لیے خاص طور پر دہلی کے بہت سے علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان مقامات پر پانی کے برتن اور اناج کے برتن رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم صرف پانی کے ان برتنوں کو رکھنے سے مکمل نہیں ہوگی، بلکہ تنظیم روزانہ ان میں پانی بھرنے کا کام بھی کرے گی۔ اس کام کے لیے ایک خصوصی رضاکار ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جو صبح و شام ان میں پانی اور اناج بھرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر لوگ اس کو کوئی زیادہ اہمیت نہیں دیتے یا اس خدمت کو کوئی بڑی اور عظیم خدمت نہیں سمجھتے جب کہ حقیقت یہ ہے کہ پیاسوں کو پانی پلانا بھی بڑا کارِ ثواب ہے۔لوگوں کو بھی آگے آنا چاہیے اور خدمت خلق میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔