اترپردیش حج کمیٹی کے رکن سرور صدیقی جونپور پہنچے - جونپور کے محلہ سپاہ واقع
UP Haj Committee Member Visits Jaunpur: اترپردیش حج کمیٹی کے رکن سرور صدیقی نے کہا کہ مقدس سفر حج 2024 کے لیے درخواستیں مطلوب ہیں۔ درخواست جمع کرنے آخری تاریخ پہلے 31 دسمبر تک تھی جس میں مزید اضافہ کرتے ہوئے 15 جنوری تک کردیا گیا ہے۔
Published : Jan 8, 2024, 1:13 PM IST
جونپور:ریاست اتر پردیش کے ضلع جونپور کے محلہ سپاہ واقع جامعہ مومنہ للبنات میں حج کمیٹی کی جانب سے مقرر حج سہولت مرکز کا حج کمیٹی کے رکن سرور صدیقی نے معائنہ کیا۔ سرور صدیقی پوروانچل کے گیارہ اضلاع کے انچارج ہیں جس میں ضلع جونپور بھی شامل ہے۔ اس موقعے پر انہوں نے میڈیا سے بھی گفتگو کی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے اتر پردیش حج کمیٹی کے رکن سرور صدیقی نے کہا کہ مقدس سفر حج 2024 کے لیے درخواستیں مطلوب ہیں جس کی آخری تاریخ پہلے 31 دسمبر تک تھی جس میں مزید اضافہ کرتے ہوئے 15 جنوری تک کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اتر پردیش حج کمیٹی کی طرف سے 11 اضلاع کی ذمہداری سونپی گئی ہے جس کے ضمن میں میں ان سبھی اضلاع کا دورہ کر رہا ہوں اور وزیراعظم نریندر مودی و اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سفر حج کے لیے کافی کوشاں ہیں کہ حج یاتریوں کو کسی طرح کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے اسی لیے میں دورے پر ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: ملی و سماجی کارکن چودھری آل عمر قریشی کا انتقال، عیش باغ میں تدفین
انہوں نے کہا کہ حج یاترا 2023 کے دوران کچھ شکایات ویڈیوز اور اخبارات کے ذریعے ہم تک پہنچی تھیں، حکومت نے پوری کوشش کی تھی لیکن کچھ اپوزیشن کے لوگ ہیں جن کا کام حکومت کی مخالفت کرنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ابھی تک حج کمیٹی کو تحریری شکل میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے، اگر کوئی مسئلہ ہے تو عازمین حج حج کمیٹی سے شکایت کر سکتے ہیں، ہم اس تناظر میں ہر ضلع میں جا رہے ہیں۔ اور جو مسائل سامنے آرہے ہیں ان سے بورڈ کی اگلی میٹنگ میں حج کمیٹی کے چیئرمین محسن رضا کو آگاہ کیا جائے گا۔