ریاست اترپردیش کے ضلع ہاپور میں اے ٹی ایس نے ایک شوروم پر چھاپہ مار کر اسلحہ اسمگلر اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کرلیا ہے۔
اطلاع کے مطابق 'اے ٹی ایس کی ٹیم ان دونوں کو پوچھ گچھ کے لئے نوئیڈا لے گئی ہے۔ گرفتار شخص خالستانی عسکریت پسندوں کو ہتھیار فراہم کرتا تھا۔ پنجاب پولیس اس کی تلاش کر رہی تھی۔'
دراصل اے ٹی ایس کو ایک پتھر کے تاجر کے یہاں اسلحہ اسمگلر جاوید کے ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد اے ٹی ایس اور مقامی پولیس نے مل کر تاجر کے شو روم کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کو اپنے چاروں طرف دیکھ کر جاوید شوروم کے ایک کمرے میں چھپ گیا۔
وہیں گھنٹوں تفتیش کے بعد اے ٹی ایس نے جاوید اور اس کے ایک ساتھی کو شو روم سے گرفتار کرلیا۔
اے ٹی ایس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل دھروکانت ٹھاکر نے کہا کہ 'اسلحہ اسمگلنگ معاملے میں پنجاب پولیس جاوید کی تلاش میں تھی۔ اے ٹی ایس ذرائع کے مطابق، ٹیم نے پنجاب پولیس کو جاوید کی گرفتاری سے آگاہ کیا ہے۔ جلد ہی پنجاب پولیس کی ایک ٹیم لکھنؤ پہنچے گی اور ملزم کو اپنے ساتھ لے جائے گی۔
اے ٹی ایس نے دونوں سے غیر قانونی اسلحہ سمیت متعدد اہم چیزیں برآمد کیں۔
فی الحال اے ٹی ایس ملزم کو گرفتار کر پوچھ گچھ کے لئے نوئیڈا لے گئی ہے۔