ریاست اتر پردیش کے آگرہ میں واقع محبت کی نشانی تاج محل کو چاندنی رات میں محض 400 سیاح ہی دیکھ پاتے تھے، جس کو دیکھتے ہوئے اے ڈی جی نے مہتاب باغ میں یمنا کے کنارے تاج ویو پوائنٹ تیار کیا ہے، جس سے سیاح ہر روز چاند کی روشنی میں تاج محل کو دیکھ سکیں گے ۔
اس ویو پوائنٹ پر سیاحوں کے بیٹھنے اورفوٹو گرافی کے لئے چار بینچ بھی لگائے گئے ہیں، اس کے ساتھ ہی سیکیورٹی کی بھی سخت انتظامات کیے جارہے ہیں، حالانکہ یہاں پی اے سی، پہلے سے تعینات ہے لیکن اب پولیس سیکیورٹی اس کی کمانڈ سمبھالے گی ۔
وزیر مملکت ڈاکٹر جی ایس دھرمیش نے بتایا کہ تاج محل ویو پوائنٹ سے سیاحوں کو اچھا تجربہ ہوگا، جو آج سے شروع ہوچکا ہے۔
اے ڈی اے کے چیف انجینئر اجے کمار کا کہنا ہے کہ تاج ویو پوائنٹ بنانے کے لئے تقریبا 35 لاکھ روپے خرچ کیے گئے ہیں، اس میں پارکنگ کے علاوہ ضرورت کی تمام چیزیں موجود ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس ویو پوانٹ کو اس طرح سے بنایا گیا ہے کہ جب سیاح یہاں سے فوٹو گرافی کریں گے تو فوٹو فریم میں تاج محل پر کوئی نظر نہیں آئے گا، یہاں سے تاج محل رات کو بھی نظر آئے گا اور قریب بھی، سیاح ہر روز صبح 7 بجے سے 10 بجے تک اور شام 7 بجے سے رات 10 بجے تک تاج کا دیدار کر سکیں گے ۔
اس کے ساتھ ہی چودہویں کا چاند نکلنے سے دو دن پہلے اور دو دن بعد تک سیاح شام سات بجے سے رات 12 بجے تک تاج کا دیدار کر سکیں گے ۔
واضح رہے کہ پہلے ایک دن میں صرف 400 سیاح ہی چاندنی رات میں تاج محل کو دیکھ سکتے تھے۔ لیکن اب مہتاب باغ پر یمنا کے کنارے بنے ویو پوائنٹ سے بہت سارے سیاح چاندنی رات میں تاج محل کو دیکھ سکیں گے۔
جس کے لیے محض 20 روپے خرچ کرنا پڑیگا۔